کیمبرج یونیورسٹی میں دنیا کی سب سے میٹھی نوکری،مناسب تعلیمی قابلیت کے حامل اور ڈاکٹریٹ کے کسی بھی طالب علم یا طالبہ کو اس ملازمت کی پیشکش کا مقصد متعلقہ ریسرچر کو ’چاکلیٹ اسٹڈیز‘ یا چاکلیٹس سے متعلق بنیادی علوم پر تحقیق کرنا ہو گی

جمعرات 21 اگست 2014 09:20

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اگست۔2014ء)برطانیہ کی مشہور زمانہ کیمبرج یونیورسٹی کو اس وقت پی ایچ ڈی کے لیے ایک ایسے طالب علم یا طالبہ کی تلاش ہے، جسے ریسرچ اسکالر کے طور پر دی جانے والی آئندہ تحقیقی ملازمت کو ’دنیا کی سب سے میٹھی نوکری‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔برطانوی دارالحکومت لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس منصوبے کی کامیاب تکمیل پر متعلقہ تحقیقی ماہر کو ’ڈاکٹر آف فزکس‘ اور ’ڈاکٹر آف کیمسٹری‘ کی طرز پر غیر رسمی طور پر ’ڈاکٹر آف چاکلیٹ‘ بھی کہا جا سکے گا۔

مناسب تعلیمی قابلیت کے حامل اور ڈاکٹریٹ کے کسی بھی طالب علم یا طالبہ کو اس ملازمت کی پیشکش اس مقصد کے تحت کی جا رہی ہے کہ متعلقہ ریسرچر کو ’چاکلیٹ اسٹڈیز‘ یا چاکلیٹس سے متعلق بنیادی علوم پر تحقیق کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس بارے میں شائع کردہ ’جاب نوٹس‘ کے مطابق اس تحقیق کا مقصد یہ پتہ چلانا ہے کہ ایسی اشیائے خوراک جن کی تیاری میں چاکلیٹس استعمال کی گئی ہوں، انہیں گرم موسم یا زیادہ درجہ حرارت پر پگھلنے سے کیسے بچایا جا سکتا ہے؟اس موضوع پر کیمبرج یونیورسٹی نے ایک پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت اس لیے محسوس کی کہ دنیا کی کوئی بھی چاکلیٹ، چاہے وہ کتنے ہی اعلیٰ معیار کی کیوں نہ ہو، 34 ڈگری سینٹی گریڈ یا 93 ڈگری فارن ہائٹ درجہ حرارت کے قریب نرم پڑنا یا پگھلنا شروع ہو جاتی ہے حالانکہ یہ ٹمپریچر انسانی جسم کے اوسط درجہ حرارت سے بھی کم ہوتا ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق اس آسامی پر انتخاب کے لیے صرف یورپی یونین کے شہری ہی درخواستیں دے سکتے ہیں۔ اس ریسرچ پروجیکٹ کے لیے رہنمائی کا کام کیمیکل انجینئرنگ، جیو ٹیکنیکل انجینئرنگ اور soft matter فزکس یا نرم مادوں سے متعلق طبیعاتی علوم کے ماہرین کریں گے۔اس تحقیق کے نتیجے میں اگر گرم موسم یا زیادہ درجہ حرارت کے باوجود چاکلیٹ مصنوعات کو نرم پڑ جانے سے بچانے کا کوئی طریقہ دریافت کر لیا گیا، تو عام صارفین کے ساتھ ساتھ اس کا سب سے زیادہ براہ راست کاروباری فائدہ چاکلیٹ تیار کرنے والی دنیا کی دس سب سے بڑی کمپنیوں کو ہو گا۔ گزشتہ برس ان 10 کمپنیوں کو ان کی چاکلیٹ مصنوعات کی فروخت سے ہونے والی مجموعی آمدنی 85 ارب ڈالر سے زائد رہی تھی۔

متعلقہ عنوان :