روس،ارب پتی شخصیت منی لانڈرنگ کے الزام میں گھر میں نظربند، 65سالہ یوتوشنکوف روسی ہولڈنگ کمپنی اے ایف کے سسٹیما کے سربراہ ہیں،کمپنی کی الزام کی تردید

جمعرات 18 ستمبر 2014 08:02

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء)روسی حکام نے گزشتہ روز کہا ہے کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کے الزام میں ایک اعلیٰ ارب پتی ولادیمیر یوتوشنکوف کو گھر میں نظربند کردیاہے۔فوربز میگزین کے مطابق 9بلین ڈالر(7بلین یوروز) کے مالی اثاثوں کے ساتھ 65سالہ یوتوشنکوف روسی ہولڈنگ کمپنی اے ایف کے سسٹیما کے سربراہ ہیں،ان کا شمار روس کے 15ویں امیر ترین شخص کے طور پر ہوتا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی کمیٹی جو براہ راست صدر ولادیمیر پیوٹن کو رپورٹس پیش کرتی ہے کا کہنا ہے کہ ٹائیکون تیل کمپنی باشنفٹ میں حصص کے حصول کے حوالے سے منی لانڈرنگ میں ملوث پایا گیا ہے۔تفتیش کاروں نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیقات میں یہ یقین کرنے کیلئے کافی ثبوت موجود ہیں کہ اے ایف کے سسٹیما کے بورڈ چےئرمین ولادیمیر پوتوشنکوف مبینہ طور پر مجرمانہ ذرائع سے پراپرٹی کے حصول میں منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اے ایف کے سسٹیما کے روس کی سب سے بڑی موبائل ٹیلی فون کمپنی ایم ٹی ایس،ٹریول کمپنی اینٹورسٹ، میڈسی چین آف کلینکس اور بنکنگ وتیل کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر حصص ہیں،کمپنی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام بے بنیاد ہے۔کمپنی کی خاتون ترجمان یکاترینا تسوکانووا نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہم اس الزام کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائی صرف کریں گے۔

متعلقہ عنوان :