پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج چنیوٹ میں سیلاب زدگان میں امدادی سامان تقسیم کریں گے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے

جمعرات 18 ستمبر 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری آج جمعرات کو چنیوٹ میں سیلاب زدگان میں امدادی سامان تقسیم کریں گے،اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔پیپلزپارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری چنیوٹ پہنچیں گے جہاں وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری چنیوٹ میں سیلاب متاثرین میں امداد تقسیم کریں گے۔اس موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ،پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔بلاول بھٹو کا پارٹی چےئرمین کی حیثیت سے یہ پنجاب کا پہلا دورہ ہے،وہ کچھ ماہ قبل بھی پنجاب کا دورہ کرنا چاہتے تھے لیکن سیکورٹی وجوہات کی بناء پر وہ دورہ ملتوی کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کے فلاحی ونگ کی طرف سے 500ٹرک امدادی سامان اکٹھا کیا گیا ہے جو ملک کے مختلف علاقوں بشمول آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا،توقع ہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق منیجنگ ڈائریکٹر محکمہ بیت المال زمرد خان سمیت دیگر پارٹی رہنما مختلف علاقوں میں سامان تقسیم کریں گے۔