امریکا نے عراق میں فوجی بھیجے تو بربادی کا سامنا کرنا پڑے گا، داعش کی دھمکی ، امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا برا وقت شروع ہونیوالا ہے، عراق اور شام میں مسلح جدو جہد کرنے والے متحد ہوجائیں، ویڈیو بیان

جمعرات 18 ستمبر 2014 07:51

صنعا ،بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء ) دولت اسلامی عراق و شام نے خبردار کیا ہے کہ اگرامریکا نے عراق میں فوجی بھیجے تو اسے تباہی و بربادی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جبکہ القائدہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا برا وقت شروع ہو نے والا ہے ، جلد تباہی ان کا مقدر بنے گی ، میڈٰیا رپورٹ کے مطابق داعش کے الحیات میڈیا سینٹر سے جاری کردہ ویڈیو میں امریکہ کو خبر دار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی افواج کو عراق بھیجنے کی غلطی نہ کرے ، 52 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو کو ”جنگ کے شعلوں“ کا نام دیا گیا ہے، ویڈیو کسی جنگی فلم کا منظر پیش کر رہی ہے، جس میں امریکی ٹینکوں کو تباہ، فوجیوں کو زخمی اور کچھ لوگوں کو قتل سے قبل جھکے ہوئے دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں بم دھماکوں کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جب کہ ویڈیو میں دو امریکی صحافیوں اور ایک برطانوی امدادی کارکن کو قتل کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو کے اختتام پریہ جملہ اسکرین پر دکھایا گیا ہے”جلد آرہا ہے“ یہ ویڈیو امریکی فوج کے چیرمین آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسے کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد جاری کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر داعش کے خلاف موجودہ حکمت عملی کامیاب نہ ہوئی تو پھر عراق میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا مشورہ دیں گے۔

دوسری جانب القاعدہ نے کہا ہے کہ شام اور عراق میں برسرپیکار افراد اپنے اختلاف مٹادیں کیونکہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کا برا وقت شروع ہونے والا ہے۔

القاعدہ کی یمن اور شمالی افریقا شاخ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر جاری مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عراق اور شام میں مسلح جدو جہد کرنے والے باہمی لڑائیاں ختم کرکے امریکا اور اس کے اتحادیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوجائیں، شام میں برسرپیکار لوگ امریکا کا آلہ کار بننے سے گریز کریں اور صدر بشارالاسد کے خلاف جنگ جاری رکھیں۔پیغام میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے برے دن آنے والے ہیں، ہم اس اتحاد میں شامل ہونے والے تمام ممالک کے عوام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی آلہ کار حکومتوں کے سامنے کھڑے ہوجائیں اور انہیں تمام قانونی طریقوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پردے میں اسلام کے خلاف جنگ کا حصہ بننے سے روکیں۔

متعلقہ عنوان :