ایک اور برطانوی مغوی کی ویڈیو جاری ، ویڈیو میں دولتِ اسلامیہ کا کوئی شدت پسند بھی سامنے نہیں آیا،رپورٹ

جمعہ 19 ستمبر 2014 08:29

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19ستمبر۔2014ء)انٹرنیٹ پر ریلیز کی جانے والی ایک نئی ویڈیو میں ایک ایسے برطانوی شخص کو دکھایا گیا ہے جس کے مغوی ہونے کے بارے میں پہلے علم نہیں تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق تازہ ترین ویڈیو میں کوئی ہلاکت بھی نہیں دکھائی گئی تاہم برطانوی شہری کو نارنجی لباس میں یہ کہتے دکھایا گیا ہے کہ وہ ایک قیدی ہیں۔

اپنے بیان میں یہ شخص مغربی دنیا سے یہ سوال کرتے دکھائی دیتا ہے کہ اسے اور دیگر افراد کو امریکی اور برطانوی حکومتوں نے کیوں اکیلا چھوڑ دیا ہے۔’میری بات توجہ سے سنو‘ نامی اس ویڈیو میں دولتِ اسلامیہ کا کوئی شدت پسند بھی سامنے نہیں آیا۔خیال ہے کہ یہ شخص عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے قبضے میں ہے۔

(جاری ہے)

دولتِ اسلامیہ نے اب تک تین مغویوں کو ہلاک کیا ہے جن میں دو امریکی اور ایک برطانوی شہری تھے اور برطانوی شہری ڈیوڈ ہینز کے قتل کی ویڈیو میں اس نے دھمکی دی ہے کہ وہ ایک اور برطانوی شہری ایلن ہیننگ کو بھی ہلاک کر دے گی۔

تاہم اس ویڈیو میں دکھائی جانے والا شخص ایلن ہیننگ نہیں ہے۔ بی بی سی کے مطابق یہ ایک ’پروپیگینڈا ویڈیو‘ ہے اور یہ ویڈیو کسی دھمکی پر ختم نہیں ہوتی جبکہ کیمرے پر بات کرنے والا مغوی ’دباوٴ میں بیان دیتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔‘ دولتِ اسلامیہ کی سابقہ ویڈیوز میں مخاطب امریکی اور برطانوی رہنما تھے لیکن اس نئی ویڈیو کا ہدف برطانوی عوام خصوصاً مسلمان ہیں۔

ویڈیو میں مغوی کا کہنا ہے کہ دیگر یورپی حکومتوں نے اپنے قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کیے لیکن امریکہ اور برطانیہ چیزوں سے مختلف طریقے سے نمٹتے ہیں۔اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کی ’مغربی میڈیا میں غلط شبیہ پیش کی جاتی ہے۔‘ویڈیو میں دیے جانے والے حوالوں سے واضح ہے کہ یہ اسی برس بنائی گئی ہے لیکن تاریخ واضح نہیں ہے۔

یہ نئی ویڈیو دولتِ اسلامیہ کی جانب سے برطانوی شہری ڈیوڈ ہینز کی ہلاکت کی ویڈیو کے اجرا کے تقریباً ایک ہفتے بعد جاری کی گئی ہے۔44 سالہ ہینز گذشتہ برس شام میں امدادی سامان کی فراہمی کے دوران اغوا کر لیے گئے تھے۔دولتِ اسلامیہ نے امریکی فضائی حملوں کے ردعمل میں انھیں ہلاک کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دھمکی ایک آ ن لائن ویڈیو میں دی گئی تھی جس میں امریکی صحافی سٹیون سوتلوف کی ہلاکت کو دکھایا گیا تھا۔

اس سے قبل منگل کو بھی دولتِ اسلامیہ نے ایک اور ویڈیو جاری کی تھی جسے ’جنگ کے شعلے‘ نامی فلم کا ٹریلر قرار دیا گیا تھا اور اس میں امریکی صدر براک اوباما پر عراق میں دوبارہ فوج نہ بھیجنے کے بیان کو سنا کر طنز کیا گیا تھا۔اس ویڈیو کے آخر میں کہا گیا تھا کہ ’لڑائی تو ابھی شروع ہوئی ہے۔‘