حکومت پنجاب کا سیلاب زدگان کی ضروریات پوری کرنے کی غرض سے صوبائی ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگانے کا فیصلہ ،چیئرمین پی اینڈ ڈی ابتدائی طور پر ہونے والے نقصانات کی رپورٹ فائل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے11انتظامی سیکرٹریز ،9کمشنرز،21ڈی سی اوز اور دیگر متعلقہ ادارے چیئر مین پی اینڈ ڈی کی معاونت کریں گے‘ذرائع پنجاب حکومت

جمعہ 19 ستمبر 2014 08:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19ستمبر۔2014ء)حکومت پنجاب نے سیلاب زدگان کی ضروریات پوری کرنے کی غرض سے صوبائی ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا جس کی شرح کا تعین نقصانات کی بابت رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیا جائے گا۔اس ضمن میں چیئرمین پی اینڈ ڈی ابتدائی طور پر ہونے والے نقصانات کی رپورٹ فائل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔11انتظامی سیکرٹریز ،9کمشنرز،21ڈی سی اوز اور دیگر تمام متعلقہ ادارے چیئر مین پی اینڈ ڈی کو اس حوالے سے معاونت کریں گئے۔

معتبر ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پنجاب کے 21اضلاع میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا نشانہ بننے والے عوام الناس کی داد رسی کے لئے پارٹی کے تھنک ٹینک اور دیگر لیگی اکابرین کی سفارشات کی روشنی میں متعدد فیصلے کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جس کے تحت حکومت پنجاب نے عید الضحی سے قبل سیلاب متاثرین کوپہلی قسط کے طور پر 25ہزار روپے تک کی رقم خالصتا صوبہ پنجاب کے دستیاب وسائل سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے رقم حکومت پنجاب کے رواں مالی سال2014-15کے ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگا کر حاصل کی جائے گی۔

ابتدائی طور پر صوبائی حکومت 25سے30فی صدتک ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگانے کا حتمی فیصلہ چیئر مین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ بورڈ عرفان الہی کی جانب سے ایک آدھ روز میں تیار کی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں کیا جا ئے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے چیئر مین پی اینڈ ڈی کو خصوصی طور پر سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ہونے ولاے نقصانات کے بارے میں رپورٹ تیار کرنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے9ڈویژنل کمشنرز، 21اضلاع کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز، اور بالخصوص11صوبائی انتظامی سیکرٹریز جن میں سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ان اضلاع میں خود مختار اداروں کے قائم دفاتر کے سربراہان کو چیئر مین پی اینڈ ڈی کی معاونت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالہ سے اپنی ابتدائی رپورٹس اسی ہفتہ ارسال کریں۔

ذرائع نے بتا یا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں پی اینڈ ڈی بورڈ میں باضابطہ طور پرانفارمیشن ٹیکنالوجی کا حامل کنٹرول سنٹر بنادیا گیا ہے۔ اور چیئر مین پی اینڈ ڈی کو موصول ہونے والی رپورٹس کا وہاں پر روزانہ کی بنیاد پر اندراج بھی شروع کر دیا گیا ہے۔