افغان مشن خاتمے کے قریب، اوباما کی طرف سے فوجیوں کی تعریف

ہفتہ 27 دسمبر 2014 10:08

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2014ء ) امریکی سربراہی میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا افغانستان میں جنگی مشن سال کے اختتام کے ساتھ ہی مکمل ہو جائے گا۔ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج اب محض چند دنوں کے اندر اپنے اپنے وطن واپس لوٹ جائیں گی۔ ہوائی میں تعینات ملکی فوجیوں سے کرسمس کے دن اپنے خطاب میں ان کی غیر معمولی لگن اور قربانیوں کی تعریف کی۔

امریکی صدر باراک اوباما اور ان کا خاندان اس وقت اپنی آبائی ریاست ہوائی میں موجود ہے جہاں وہ چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ کرسمس کی صبح اپنے خاندان کے ساتھ تحائف کے تبادلے کے بعد امریکی صدر اور ان کی اہلیہ مشائیل اوباما نے جمعرات کو دیر گئے ہوائی میں موجود فوجی اڈے یا ’میرین کور بیس‘ کا دورہ کیا۔فوجی افسران اور ان کے خاندان جس وقت کرسمس کے روایتی خصوصی ڈنر سے لطف اندوز ہو رہے تھے تو صدر اوباما نے مائیکروفون سنبھالتے ہوئے امریکی فوجیوں کی ’غیرمعمولی خدمات‘ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہی خدمات کی بدولت امریکا افغانستان کی سکیورٹی کی ذمہ داری افغان فورسز کے حوالے کرنے میں کامیاب رہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی صدر نے بتایاہم 13 برس سے زائد عرصے سے مسلسل جنگ میں رہے ہیں۔ اگلے ہفتے ہم افغانستان میں اپنا جنگی مشن ختم کر دیں گے۔ ہمارے مرد اور خواتین فوجیوں کی غیر معمولی خدمات کے باعث افغانستان کو موقع ملا ہے کہ وہ اپنے ملک کی تعمیر خود کرے۔ ہم اب محفوظ ہیں۔ اب یہ دہشت گردانہ حملے کا ذریعہ نہیں بنے گا۔مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا جنگی مشن 31 دسمبر کو ختم ہو گا۔ مگر اس کے باوجود بھی غیر ملکی فوجیوں کی کچھ تعداد وہاں موجود رہے گی تاکہ طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا قلع قمع کرنے میں مصروف افغان فوج اور پولیس کو سپورٹ فراہم کی جا سکے۔