فلسطینی کو تشدد کے ذریعے موت کے گھاٹ اترنے پر اسرائیلی فوجیوں کو انضباطی کارروائی کا سامنا ، فوجیوں کیخلاف کارروائی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کی گئی

پیر 15 جون 2015 08:44

مقبوضہ بیت المقدس ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جون۔2015ءِ)مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک پناہ گزین کیمپ میں غیر مسلح فلسطینی کو فوجیوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد متعدد اسرائیلی فوجیوں کو اتوار کے روز انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔فوٹیج میں جو کہ فلسطینی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی اسرائیلی فوجی وردی میں ملبوس اہلکار فلسطینی شہری کو سر کے پیچھے والے حصے کے نزدیک رائفل کے بٹ اور چہرے پر مکے رسید کرنے سمیت باربار مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں مارپیٹ کے ساتھ ساتھ فحش گالیاں بھی دی جارہی ہیں جبکہ قیدی بے یاروومددگار زمین پر پڑا ہوا۔فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز رملہ کے نزدیک جلازون پناہ گزین کیمپ میں جمعہ کو پیش آنے والے مبینہ حملے کے معاملے پر سات فوجی اہلکاروں کو ممکنہ انضباطی کارروائی کے سلسلے میں تحقیقات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ایک ترجمان نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو رجمنٹ کمانڈر کے سامنے تصدیق کیلئے پیش کیا جائے گا اور ان سے واقعہ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی جائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو ان کیخلاف ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ ان کا رویہ آئی ڈی ایف(اسرائیلی ڈیفنس فورسز) کے اہلکاروں سے متوقع طور پر نہیں ملتا۔فوج کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار 70کے قریب فلسطینیوں کی جانب سے ایک پرتشدد مظاہرے سے نمٹ رہے تھے،جو ان پر پتھراؤ کر رہے تھے،تاہم اسرائیلی فوج کو فلسطینی علاقہ جات پر تقریباً50سالہ قبضے کے دوران بھاری ہاتھوں سے ردعمل دینے پر بارہا تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق فوج نے سال کے آغاز سے ابتک مغربی کنارے میں11فلسطینیوں کو ہلاک کردیا ہے۔