پیپلزپارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو موجودہ اسمبلی کارکن بنانے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا

پیر 15 جون 2015 08:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جون۔2015ءِ) پیپلزپارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو موجودہ اسمبلی کارکن بنانے کیلئے سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 17 جون کو بلائے گئے سینٹرل ایگزیکٹو کمیتی کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا کہ بلاول بھٹو زرداری کو موجودہ اسمبلی کیلئے الیکشن لڑوایا جائے یا نہیں؟ شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو مستعفی کروا کر بلاول کو منتخب کروانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پارتی کے سینئر عہدیداروں کا آصف علی زرداری پر اصرار ہے کہ بلاول بھٹو کا پارٹی کے اندر موثر کردار ابھارنے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں رکن قومی اسمبلی منتخب کروا کر ایوان میں بھیجا جائے تاکہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ الیکشن سے پہلے سیاسی داؤ پیچ سے اچھی طرح واقف ہو جائیں۔ سینئر عہدیداروں کا اصرار ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے ایوان میں آنے سے پارٹی کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور بلاول بھٹو سے اسلام آباد اور پنجاب کے کارکنوں کا رابطہ بھی بڑھے گا۔ البتہ پارٹی کے کچھ عہدیداروں کا خیال ہے کہ بلاول کو آئندہ الیکشن میں ہی سیاسی اکھاڑے میں اتارا جائے۔ 17 جون کو ہونیوالے اس اہم اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی پر بھی غور کیا جائے گا۔