ترک فوج کی کارروائی، ایک ہفتے میں 260 کرد باغی ہلاک، سینکڑوں زخمی ،ترکی بمباری بند کرے، عراقی کردوں کا مطالبہ

اتوار 2 اگست 2015 09:39

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اگست۔2015ء)کرد باغیوں کے خلاف گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ترک فوج کی کارروائی کے نتیجے میں اب تک کم از کم 260 باغی ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق ترکی اور شمالی عراق میں جاری اس عسکری کارروائی میں کردستان ورکرز پارٹی PKK کے باغیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترکی میں حالیہ حملوں کے بعد ترک فوج نے ان باغیوں اور شام میں اسلامک اسٹیٹ کے جنگجووٴں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔

(جاری ہے)

کل جمعے کے روز بھی ترک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شمالی عراق میں کارروائی کرتے ہوئے ان باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ادھرعراق میں کردوں کے خود مختار علاقے کے رہنماوٴں نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف اپنے حملے روک دے۔ کردستان کے خارجہ امور کے رہنما فلاح مصطفیٰ نے واشنگٹن میں ترکی کے کرد باغیوں کی اس تنظیم کی طرف سے فائربندی کی خلاف ورزی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ترکی کی طرف سے بھی کرد باغیوں پر بمباری کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے کیونکہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :