فیصل آباد، پینا فلیکس نصب کرنے پرجھگڑے نے 22 سالہ نوجوان کی جان لے لی،مقتول کے لواحقین اور اہل محلہ کا مقتول کی لاش آر ٹی او کے دفتر کے آگے رکھ کر شدید احتجاج

جمعہ 18 ستمبر 2015 09:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18ستمبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے لئے دو گروپوں کے درمیان پینا فلیکس اور بورڈ نصب کرنے پر ہونے والے جھگڑے نے 22 سالہ نوجوان کی جان لے لی ۔ چیئرمین کے امیدوار شیخ عمران اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر کے سعویہ پلٹ 22 سالہ نوجوان کو ہلاک کر دیا ۔ مقتول کے لواحقین اور اہل محلہ کا مقتول کی لاش آر ٹی او ( ریجنل پولیس افسر ) کے دفتر کے آگے رکھ کر شدید احتجاج کیا اور اس قتل میں ملوث منشیات فروشوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

مظاہرین نے تین گھنٹے سے زائد شہر کی مختلف سڑکوں کو بلاک کئے رکھا اور دھرنے دیئے جبکہ لواحقین کی خواتین جن کی تعداد سینکڑوں میں تھی نے بھی شہر کی مختلف سڑکوں میں ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک بلاک کردی ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق تھانہ پٹالہ کالو نی کے علاقہ گلی نمبر 2 میں شیخ عمران اور اس کے دیگر ساتھی منشیات فروشی کا دھندہ کرتا تھے جبکہ شیخ عمران پی ٹی آئی کے یونین کونسل چیئرمین کے امیدوار تھے اور اس سلسلہ میں شیخ عمران اور اس کے ساتھی مقتول عمر فاروق کی گلی میں اپنے فلیکس بورڈ نصب کرنا چاہتے تھے مگر عمر فاروق نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا جس پر دونوں کے درمیان تور تکرار کا جھگڑا ہو گیا ۔

(جاری ہے)

بعدازاں شیخ عمران ، ملک عثمان اور علی وغیرہ نے فائرنگ کر کے عمر فاروق کو قتل اور اس کے ساتھی عبدالباسط کو شدید زخمی کر دیا ۔جس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے ۔تھانہ پٹالہ کالونی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ مظاہرین اور مقتول پارٹی نے پولیس پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پٹالہ کالونی پولیس علاقہ میں ملزم پارٹی کے ساتھ مل کر ناجائز فروشی کے دھندے میں ملوث ہے اور ملزم بااثر ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کر رہی ۔

اس موقع پر پولیس افسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ قتل کے اس مقدمہ میں ملوث پی ٹی آئی کے امیدوار چیئرمین یونین کونسل کو جلد گرفتار کر لے گی مگر مشتعل مظاہرین اور مقتول کے بھائیوں اور رشتہ داروں نے پولیس کی اس یقین دہانی کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک مقتول کی لاش رکھ کر دھرنے میں بیٹھے رہیں گے ۔ آخری اطلاع کے مطابق پولیس افسران کا مشتعمل مظاہرین سے مذاکرات جارہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :