نائیجریا بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی

اتوار 4 اکتوبر 2015 07:59

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2015ء)نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا کے مضافات میں ہونے والے دو بم دھماکوں کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔حکام کے مطابق پہلا دھماکہ ابوجا سے 40 کلومیٹر کی دوری پر واقع کوجی میں ایک پولیس سٹیشن کے قریب ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ نیانیا میں ایک بس سٹاپ پر ہوا ہے۔اگرچہ ابھی تک کسی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن شبہہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکے اسلامی شدت پسند گروہ بوکو حرام نے کیے ہیں۔

واضح رہے کہ بوکو حرام کی جانب سے پہلے بھی ابو جا میں کارروائیاں کی جا چکی ہیں، تاہم گروہ کی زیادہ تر کارروائیوں کا مرکز ملک کے شمال مشرقی علاقے رہے ہیں۔نائیجیریا میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق جمعے کو ہونے والے دھماکے تقریباً ایک ساتھ ہوئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ دھماکوں میں ایک جیسا بارودی مواد استعمال ہوا ہے اور یہ وہی مواد ہے جو بوکو حرام ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں استعمال کرتی آئی ہے۔

حکام کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کوجی میں ہونے والے دھماکے میں 13 اور نیانیا میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ سنہ 2009 سے ملک میں جاری بوکوحرام کی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً 17 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔