ملکی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی کار حجان ،فی تولہ قیمت 46ہزار50 اور 10گرام سونے کی قیمت39ہزار471روپے پر آگئی

اتوار 4 اکتوبر 2015 07:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کار حجان دیکھا گیا۔ہفتہ کے روز عالمی صرافہ مارکیٹ میں 3ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1138ڈالر پر آگئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا سستاہوگیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں150روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان،فیصل آباد،راولپنڈی،اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 46ہزار200روپے سے گھٹ کر46ہزار50روپے ہوگئی اسی طرح128روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت39ہزار471روپے پر آگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی ایک تولہ قیمت650روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 6کاروباری دنوں کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں2ڈالر کا اضافہ ہواجبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں250روپے اور 10گرام سونے کی قیمت میں214روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔