بنگلہ دیش ، جاپانی شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ،ایک ہفتے میں ملک میں غیر ملکیوں کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ

اتوار 4 اکتوبر 2015 07:59

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2015ء) شمالی بنگلہ دیش میں ایک جاپانی شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ ایک ہفتے کے دوران بنگلہ دیش میں غیر ملکیوں کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔کسانوں کے ایک منصوبے پر کام کرنے والے کنیو ہوشی نامی جاپانی شہری پر شمالی بنگلہ دیش کے قصبے کونیا میں نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔یہ واقع ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کچھ ہی دن قبل بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی تنظیم نے اطالوی امدادی کارکن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

تاہم حکام کے مطابق ان کے اس دعویٰ کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔کنیو ہوشی کی لاش کو سرکاری ہسپتال میں لے جایا گیا ہے اور واقع کی تحقیقات کی جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ اطالوی شہری سیزر ٹوالہ کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور برطانیہ نے کہا تھا کہ ان کے پاس ایسی اطلات ہیں کہ بنگلہ دیش میں مغربی شہریوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور دونوں ملکوں نے بنگلہ دیش میں موجود اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں بنگلہ دیش میں شدت پسند اسلامی گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔رواں برس ملک میں شدت پسندوں کی جانب سے سیکولر بلاگرز پر حملے کیے گئے ہیں جن میں ایک امریکی شہری سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :