کوہاٹ، ملیریا فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، دوائی کھانے سے ری ایکشن سے ایک نوجوان جاں بحق، دو افراد کی حالت غیر ہو گئی،لڑکے کی موت داوئی کھانے سے نہیں دل کا جان لیوا دورہ پڑنے سے ہوئی ،ملیریا کی دوائی میں اتنی طاقت نہیں ہوتی کہ انسان کی موت واقع ہو سکے ہسپتال ریکارڈ موجود ہے، ایجنسی سرجن ڈاکٹر جمال ناصر کا مئوقف

اتوار 4 اکتوبر 2015 07:57

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2015ء) ایف آر کوہاٹ درہ آدم خیل کے علاقہ اخوروال میں ایجنسی سرجن کے احکامات سے این جی او کے زیر اہتمام لگائے جانے والے ملیریا فری میڈیکل کیمپ میں دوائی کھانے سے ری ایکشن ہونے سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد کی حالت غیر ہو گئی۔لڑکے کی موت داوئی کھانے سے نہیں دل کا جان لیوا دورہ پڑنے سے ہوئی ملیریا کی دوائی میں اتنی طاقت نہیں ہوتی کہ اس سے انسان کی موت واقع ہو سکے ہسپتال ریکارڈ موجود ہے ایجنسی سرجن ڈاکٹر جمال ناصر کا مئوقف۔

مقامی ذرائع کے مطابق درہ آدم خیل کے علاقہ رضاخیل اخوروال میں ایسوسی ایشن فار کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ACD)نامی این جی او کی جانب سے بشیر نامی مقامی شخص کی بیٹھک میں ملیریا سے بچاؤ اور ملیریا ٹیسٹ کے حوالے سے کیمپ لگایا گیا جس میں علاقہ کے لوگوں کو چیک کیا گیا اس دوران کئی افراد میں ملیریا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کو فری دوائیاں دی گئیں ذرائع کے مطابق دوائی استعمال کرنے سے سترہ سالہ لڑکا عامر ولد رازق کی حالت غیر ہوگئی جس کو علاج کے لیے اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی دوائی کھانے سے دا مزید افراد کی بھی حالت غیر ہو گئی جنہیں پشاور اسپتال منتقل کر دیا گیا جاں بحق ہونے والے عامر کو ہفتہ کے روز مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اے سی ڈی نامی این جی او بغیر ریجسٹریشن کے ایف آر کوہاٹ میں کام کر رہی ہے۔ایجنسی سرجن ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنا مئوقف بتاتے ہوئے کہا کہ درہ آد م خیل میں حکومت کی اجازت سے ہم نے عوام کے مفاد کی خاطر ملیریا کی اسکریننگ ساٹھ سے ستر ہزار افراد میں کی جبکہ اس میں ہم نے این جی او کو کوئی اجازت نہیں دی ان کا کہنا تھا کہ انتقال کرنے والا لڑکا ملیریا کی دوائی سے بلکہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا جس کی اسپتال کے ڈاکٹرز کی باقاعدہ رپورٹ موجود ہے ا ن کا کہنا تھا کہ ملیریا کی دوائی اگر زائد المیعاد بھی ہو جائے تو اس سے موت واقع نہیں ہوتی کیوں کی اس دوائی کی اتنی طاقت نہیں ہوتی انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل ایجنٹ کو رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔