سعودی نائب ولی عہد کی روس میں صدر پوٹن سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات ،شامی بحران کے حل کے لیے امن عمل شروع کرنے پر تبادلہ خیال

منگل 13 اکتوبر 2015 09:27

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اکتوبر۔2015ء )سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے روس کے سرمائی مقام سوچی میں گراں پری ریس کے موقع پر صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کی ہے۔روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ شہزادہ محمد نے صدر پوتین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور شام میں جاری بحران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

روسی وزیرخارجہ کے مطابق انھوں نے خانہ جنگی شکار ملک میں جاری بحران کے حل کے لیے امن عمل شروع کرنے سے متعلق بات چیت کی ہے۔در یں اثناء روس نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ وہ شام میں دولتِ اسلامیہ عراق وشام (داعش) کے خلاف جنگ میں دل جمعی سے شریک نہیں ہے اور نہ اس کے اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ الریاض کو شام میں روس کی فوجی کارروائیوں پر تشویش لاحق ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب شام کے اتحاد کے تحفظ کے لیے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔سرگئی لاروف نے اس موقع پر کہا کہ ''روس سعودی عرب کی تشویش کو سمجھتا ہے اور دونوں ملک شام میں دہشت گردوں کی خلافت کو قائم ہونے سے روکنا چاہتے ہیں''

متعلقہ عنوان :