ملک اسلم چنا کا قتل، اوکاڑہ میں بلدیاتی الیکشن کی پیپلز پارٹی کی سرگرمیاں تین روز کیلئے معطل کرنے کا اعلان، اسلم چنا کا دو ساتھیوں سمیت الیکشن مہم کے دوران قتل کو حکمران جماعت کے مقامی منتخب اراکین کی گہری سازش ہے،منظور وٹو

منگل 13 اکتوبر 2015 09:30

حجرہ شاہ مقیم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اکتوبر۔2015ء )صدر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد خاں وٹو نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی صوبائی حلقہ پی پی 188کے صدر ملک محمد اسلم چنا کے دو ساتھیوں سمیت الیکشن مہم کے دوران قتل کو حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے مقامی منتخب اراکین کی گہری سازش قرار دیتے ہوئے ضلع اوکاڑہ میں بلدیاتی الیکشن کی سرگرمیوں کو تین روز کیلئے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ،انہوں نے مقتول ملک محمد اسلم چنا کی رسم قل کے موقع پر حجرہ شاہ مقیم میں انکے آبائی گاؤں قادر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد اسلم اور انکے دونوں ساتھیوں کو شہید قرار دیا اور کہا کہ مقتول محمد اسلم چنا ایک معروف سیاسی وانسان دوست شخصیت تھے جن سے انکا گزشتہ پچیس سالوں سے گہرا دوستانہ تعلق تھاجنہوں نے اپنے حلقہ میں ہمیشہ مسلسل کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کئے جس سے لوکل حکمران طبقہ کے بعض اکابرین ملک محمد اسلم چنا کی بھر پور عوامی مقبولیت سے خائف و نالاں تھے ،انہوں نے واضع کیا کہ ملک محمد اسلم چنا کے قتل میں حکمران پارٹی کی قیادت میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف ملوث نہیں بلکہ ان کے قتل کی گہری سازش اور منصوبہ بندی میں لوکل حکمران شامل ہیں،انہوں نے پیپلز پارٹی کے اہم راہنما اور انکے ساتھیوں کے قتل میں ملوث اور قتل کے درِ پردہ ہاتھ کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قتل کے حقیقی ذمہ داران کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔