سپورٹس بورڈ پنجاب سے ملکر ورلڈ مارشل آرٹس گیمز 2017ء پاکستان میں کرانیکا پروگرام بنا رہے ہیں ،ایلن فاسٹر،پاکستان پرامن ملک ہے، 10روزہ دورہ میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا، 88رکن ممالک سے کہوں گامیگا ایونٹ کیلئے اپنی سپورٹس ٹیمیں پاکستان بھیجیں، پنجاب یوتھ فیسٹیول کا کامیاب انعقاد معمولی بات نہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور مبارکباد کے مستحق ہیں، صدر ورلڈ مارشل آرٹس کونسل کی میڈیا سے گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2015 08:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اکتوبر۔2015ء) ورلڈ مارشل آرٹس کونسل کے صدر ایلن فاسٹر نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ورلڈ مارشل آرٹس گیمز 2017ء پاکستان میں منعقد کرانے کا پروگرام بنا رہے ہیں، پاکستان پُرامن ملک ہے، یہاں کے سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں برطانیہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب حفیظ بھٹی بھی موجود تھے، ایلن فاسٹر نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی سپورٹس کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کا وسیع پیمانے پر کامیاب انعقاد معمولی بات نہیں ہے، یہ ایک ناممکن کام ہے جو کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی قیادت میں دنیا کو کرکے دکھایا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل تعریف ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول صرف ایک بار ہی نہیں منعقد ہوا بلکہ تسلسل کے ساتھ تین بار منعقد کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ایلن فاسٹر نے کہا کہ پاکستان کے دس روزہ دورے میں مجھے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا، میں پاکستان میں سکیورٹی کے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہوں اسی لئے پاکستان میں مارشل آرٹس کا میگا ایونٹس منعقد کرانے کا پروگرام بنا رہے ہیں، کونسل کے 88رکن ممالک سے بھی درخواست کرونگا کہ وہ اس میگا ایونٹ میں حصہ لیں اور اپنی سپورٹس ٹیمیں پاکستان بھیجیں۔

ایک سوال کے جواب میں ایلن فاسٹر نے کہا کہ میں نے پاکستان آکر دیکھا ہے کہ یہاں ہر کھیل کے میدان میں نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، خصوصاً مارشل آرٹس میں، اگرچہ مارشل آرٹس کا کھیل پاکستان میں نیا ہے مگر جس طرح سپورٹس بورڈ پنجاب پورے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے میں سمجھتا ہوں میں پاکستان میں مارشل آرٹس کا مستقبل بہت روشن ہے، ورلڈ مارشل آرٹس کونسل کے صدر ایلن فاسٹر نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :