انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کاوٴنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو کے اگلے سیزن کے لیے ٹاس ختم کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ،ای سی بی کا ایگزیکٹو بورڈ اپنی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ان سفارشات پر آج جمعرات کو ہونے والے اجلاس پر غور کرے گا

جمعرات 26 نومبر 2015 08:48

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26نومبر۔2015ء)انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کاوٴنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو کے اگلے سیزن کے لیے ٹاس ختم کرنے کی تجاویز پر غور کر رہا ہے۔ای سی بی کا ایگزیکٹو بورڈ اپنی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ان سفارشات پر آج جمعرات کو ہونے والے اجلاس پر غور کرے گا۔اگر ان سفارشات کو منظور کر لیا گیا تو آزمائشی طور پر ایک سال کے لیے ان سفارشات پر عملدرآمد سنہ 2016 سے شروع کر دیا جائے گا۔

ان سفارشات کا مقصد کرکٹ کی پچوں کی حالت کو بہتر بنانا اور سپن بالروں کی حوصلہ افزائی ہے۔کاوٴنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو کے اگلے سیزن کے لیے مہمان ٹیم کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ بیٹنگ یا بولنگ کرے یا پھر پچ کی غیر یقینی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے ٹاس کرنے کا فیصلہ کرے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کاوٴنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ون اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک روزہ میچوں کے لیے ٹاس کیا جائے گا۔

سنہ 1744 میں کرکٹ کے پہلے ریکارڈ شدہ قوانین کے مطابق ٹاس جیتنے والی ٹیم کے پاس یہ اختیار ہوتا تھا کہ وہ کون سی پچ استعمال کرے یا پہلے بیٹنگ یا بولنگ کرے۔ای سی بی کا خیال ہے کہ ڈویژن ٹو کے متعدد میچوں کا فیصلہ ٹاس کے ذریعے ہوتا ہے کیونکہ میزبان ٹیمیں ایسی پچیں بناتی ہیں جن سے ان کے بولروں کو فائدہ ہو۔خیال رہے کہ سنہ 2011 سے کاوٴنٹی چیمپیئن شپ میں خراب پچ بنانے پر کسی بھی ٹیم کے پوائنٹس منہا نہیں کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :