30سال قبل کے پرامن کراچی کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرکے تباہ نہ کیا جاتا تو دبئی نہ بنتا،عمران خان،ہمارے نبی نے قوم کو ایک نظریے پر اکٹھا کیا اور قوم عظیم بن گئی،کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر اور ملک کو عظیم تر بنا کر دکھائیں گے ، لیاری میں جلسہ عام سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 09:16

لیاری(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 30سال پہلے کے پرامن کراچی کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرکے تباہ نہ کیا جاتا تو دبئی نہ بنتا،ہمارے نبی نے قوم کو ایک نظریے پر اکٹھا کیا اور قوم عظیم بن گئی، اتوار کے روز لیاری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے خرم شیر زمان کو لیاری میں کامیاب جلسے پر مبارکباد اور شاندار استقبال کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے کہا گیا کہ لیاری میں جان کا خطرہ ہے اور لیاری میں جلسہ روکنے کیلئے ڈرانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم ڈرنے والے نہیں،لیاری کے لوگ ڈرنے والے نہیں،لیاری میں بڑا جلسہ تحریک انصاف کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں عدل وانصاف نہ ہو وہ معاشرہ ترقی نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

ہمارے پیارے نبی نے مدینہ میں ریاست کی بنیاد عدل وانصاف پر رکھی عدل کا مطلب مساوات اور انصاف کا مطلب قانون کی نظر میں سب برابر ہیں،ہمارے نبی نے قوم کو ایک نظریے پر اکٹھا کیا اور ایک نظریے پر جمع ہونے والی قوم دنیا کی عظیم قوم بن گئی۔انہوں نے کہا کہ30سال قبل کراچی میں امن تھا،بجلی اور روزگار تھا اور کراچی سے پورا پاکستان چل رہا تھا لیکن کراچی کے لوگوں کو اردو،سندھی،پختون اور بلوچی کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا،لیاری کو بھی بلوچ اور کچھی میں تقسیم کیا گیا جس کے باعث یہاں لڑائی جھگڑے اور قتل وغارت گری شروع ہوگئی اور امن تباہ ہوا ،اگر کراچی کو لسانی بنیادوں پر تقسیم نہ کیا جاتا تو دبئی نہ بنتا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تقسیم کرنا سیاستدانوں کے مفاد میں ہے،لسانی بنیاد پر لوگ آپس میں لڑتے ہیں اور فائدہ کوئی اور لے جاتا ہے،میں آپ کے پاس نیا کراچی اور نیا لیاری بنانے آیا ہوں،قرض پر چلنے والے ملک کو عظیم ملک بنا کر دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ باربار باریاں لینے والے قوم کی حالت نہیں بدل سکتے،قبضہ گروپ نے باریاں لے کر ملک کو تباہ کردیا اور جمہوریت کے نام پر یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں،اب لوگوں میں شعور بیدار ہوگیا ہے،تبدیلی پہلے ذہنوں میں آتی ہے پھر ملک میں آتی ہے میں کراچی میں لوگوں کی تقسیم ختم کرنے کی ذمہ داری لیتا ہوں،کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے اور ملک کو عظیم تر بنا کر دکھائیں گے

متعلقہ عنوان :