گوجرخان میں چپس کے پیکٹ سے نکلنے والی انسانی انگلی کی تحقیقات کا دائرہ وسیع

جمعہ 25 دسمبر 2015 08:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کی نواحی تحصیل گوجرخان میں چپس کے پیکٹ سے نکلنے والی انسانی انگلی کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پیکٹ سے انگلی نکلی تھی لیکن فیکٹری کے مالک نے مزدور لڑکی کے انگوٹھا کٹ جانے کا بتایا ہے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ سپیشل برانچ راولپنڈی نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گوجرخان شہر میں قائم ایک مقامی فیکٹری کے چپس کے پیکٹ سے انسانی انگلی برآمد ہونے کا معاملہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے۔ کیونکہ پیکٹ سے جو انگلی نکلی وہ درمیانی یا ساتھ والی انگلی تھی جبکہ فیکٹری کے مالک ملک رشید نے تحقیقاتی اداروں کو بتایا ہے کہ ہماری فیکٹری میں کام کرنیوالی 15 سالہ مریم چلتی مشین سے پیکٹ نکالنے کی کوشش کی تھی جس سے اس کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا مشین کے اوپر والے حصے میں آ کر کٹ گیا تھا۔

(جاری ہے)

لڑکی کا زخم ٹھیک ہو چکا ہے اور اس کے ایکسرے بھی ہمارے پاس ہیں اور ہر فورم پر ہم قانونی جنگ بھی لڑیں گے۔ اس معاملے کی مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ سپیشل برانچ بھی تفتیش کر رہی ہے اور تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 سالہ لڑکی مریم کے ہاتھ کا انگوٹھا کٹنے کا دعویٰ کیاجا رہا ہے لیکن پیکٹ سے ملنے والی ہاتھ کی انگلی ہے۔ لیکن یہ معاملہ جلد ہی کسی نتیجے پر پہنچ جائے گا۔ دوسری طرف شہریوں میں اس پیکٹ سے نکلنے والی انسانی انگلی نے بہت خوف پھیلا رکھا ہے اور اس حوالے سے مقامی لوگوں نے کئی طرح کی خودساختہ کہانیاں بھی گھڑ رکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :