عامر کی مخالفت کرنے والے کرکٹرز سے بات کی جائے گی ، شہریار خان ، اس مسئلے پر پہلے بھی سب سے بات کرچکے اب دوبارہ کریں گے ، ان کے نہ ماننے کی صورت میں دیکھا جائے گا کہ ان کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کیا کارروائی ہوسکتی ہے، چیئرمین پی سی بی

جمعہ 25 دسمبر 2015 08:39

 لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ وہ ’سپاٹ فکسنگ‘ میں سزا یافتہ فاسٹ بولرمحمد عامر کی مخالفت کرنے والے کرکٹرز اظہرعلی اور محمد حفیظ سے بات کریں گے تاہم اگر وہ نہیں مانے تو ان کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر پر سینئر کھلاڑیوں کی مخالفت پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلے پر پہلے بھی سب سے بات کرچکے ہیں اور اب دوبارہ کریں گے لیکن ان کے نہ ماننے کی صورت میں دیکھا جائے گا کہ ان کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کیا کارروائی ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے ون ڈے کپتان اظہرعلی اور محمد حفیظ نے محمد عامر کی موجودگی میں قومی کیمپ میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے بائیکاٹ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کو بھی شامل کیا ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کر لیے جائیں گے۔ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے متعدد کرکٹرز کو جمعرات کے روز کیمپ میں شمولیت اختیار کرنی تھی تاہم ون ڈے کپتان اظہرعلی اور محمد حفیظ نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں ملک کی بدنامی کا سبب بننے والے کرکٹرز کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

ون ڈے کپتان اظہرعلی کا اس بارے میں سخت موقف پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے زیادہ پریشانی کا سبب بنا ہے\پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کی مخالفت کرنے والے کرکٹرز کو منانے کی ذمہ داری ہیڈ کوچ وقاریونس کو سونپی تھی لیکن محمد حفیظ اور اظہرعلی نے ان پر یہ بات واضح کردی کہ اگر یہ محمد عامر کو واپس لانے کی پالیسی پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنائی تھی تو چیئرمین شہریارخان کو پہلے تمام کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے چاہیے تھا۔