ملک بھر میں چھٹی مردم شماری اٹھائیس مارچ 2016ء کو ہوگی،فوج کی زیر نگرانی سیکورٹی انتظامات کو جلد حتمی شکل دئیے جانے کا امکان،مجموعی طور پر دو لاکھ سات ہزار فوجی جوانوں کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز

پیر 28 دسمبر 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2015ء )اٹھائیس مارچ 2016ء کوملک بھر میں بیک وقت چھٹی مردم شماری کیلئے فوج کی زیر نگرانی سیکورٹی انتظامات کو جلد حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے ،مرد م شماری کیلئے مجموعی طور پر دو لاکھ سات ہزار فوجی جوانوں کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی ذرائع کے مطابق ایک شمارہ کنندہ کیساتھ ایک فوجی جوان تعینات کرنے کے حساب سے سیکیورٹی کیلئے دو لاکھ سے زائد فوجی جوانوں کی خدمات درکار ہو گی اور پاک فوج کی زیر نگرانی سیکیورٹی پلان کو جلد منظور کئے جانے کا امکان ہے، فوج کیساتھ ساتھ سول آر مڈ فورسز کو بھی تعینات کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم اس ضمن میں فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

پاکستان بیورو آف شماریات حکام کا کہنا ہے کہ مردم شماری اورخانہ شماری پر ساڑھے چودہ ارب روپے کے اخراجات آئیں گے جس میں سات ارب روپے سیکیورٹی انتظامات کیلئے مختص کئے گئے ہیں، مردم شماری اور خانہ شماری کا مرحلہ اکیس روز میں مکمل ہوگا جس کے تحت پندرہ روز مردم شماری ،تین روز خانہ شماری اور ایک روز بے گھر افراد کی خانہ شماری ہوگی۔

متعلقہ عنوان :