امریکا میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ، سیاہ فام خاتون اور طالب علم قتل،افسر سے گولی اتفاقیہ طور پر چلی تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، شکاگو پولیس

پیر 28 دسمبر 2015 09:27

شکاگو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2015ء) امریکا میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک پولیس افسر کی فائرنگ سے سیاہ فام خاتون اور طالب علم ہلاک ہو گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شکاگو پولیس کو ٹیلی فون پر گھریلو جھگڑے کی ایک اطلاع موصول ہوئی جس پر پولیس کا ایک افسر تحقیقات کے لئے پہنچا تو اس کی فائرنگ سے ایک سیاہ فام خاتون اور ایک طالب علم زخمی ہو گیا۔

5 بچوں کی ماں 55 سالہ بیٹی جونز موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جب کہ 19 سالہ طالب علم کوئنٹونیو لی گریئر کو اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ بھی راستے میں ہی دم توڑ گیا۔شکاگو پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس افسر سے گولی اتفاقیہ طور پر چلی تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے گولی چلانے والے افسرکی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب واقع کے بعد بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس کے خلاف مظاہرے شروع کر دیئے۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات روکنے میں ناکامی پر شکاگو کے میئر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی شکاگو پولیس نے ایک سیاہ فام نوجوان کو بے دردی سے 16 گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا جس کے بعد وہاں بڑے پیمانے پر ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق 2015 میں امریکی پولیس کی فائرنگ سے اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس میں 40 فیصد سیاہ فام افراد بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :