مذہب کی بنیاد پر امتیاز "آگ سے کھیلنا" ہے: انجلینا جولی ٹرمپ سے مخاطب

ہفتہ 4 فروری 2017 13:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء)معروف امریکی اداکارہ اور انسانی حقوق کے دفاع کی سرگرم کارکن انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے کو روکنے سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر سے کمزور پناہ گزینوں کو نقصان پہنچے گا اور اسے شدت پسندی بھی بھڑک سکتی ہے۔انجلینا جولی نے جو پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کی خصوصی ایلچی بھی رہ چکی ہیں.. نیویارک ٹائمز اخبار میں اپنے ایک مضمون میں کہا ہے کہ "مذہب کی بنیاد پر امتیاز آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے"۔

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ملک کے پر امن ہونے کی ضرورت پر یقین رکھتی ہیں تاہم فیصلوں کو خوف پر نہیں بلکہ حقائق پر منحصر ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

جولی نے مضمون میں لکھا کہ "ہم جغرافیائی اور مذہبی بنیاد پر پورے ملکوں کے عوام کو منظرنامے سے ہٹائے بغیر بھی اپنا امن و امان قائم رکھ سکتے ہیں"۔ٹرمپ کی جانب سے جاری ایگزیکٹو آرڈر میں ایران ، عراق ، لیبیا ، صومالیہ ، سوڈان ، شام اور یمن کے شہریوں پر 90 روز کے لیے امریکا میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔امریکی انتظامیہ نے 120 روز کے لیے پناہ گزینوں کو قبول کرنے کا عمل بھی روک دیا ہے جب کہ شامی پناہ گزینوں کا امریکا میں داخلہ غیر معینہ مدت کے لیے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :