امریکا اور ایران کے درمیان لفظی جنگ میں مزید شدت آگئی

بہتر یہی ہے کہ ایرانی صدر محتاط رہیں،ڈونلڈ ٹرمپ کا انتباہ

ہفتہ 11 فروری 2017 17:38

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری2017ء) امریکا اور ایران کے درمیان لفظی جنگ میں مزید شدت آگئی ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی صدر حسن روحانی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے الفاظ کے حوالے سے 'محتاط رہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی صدر حسن روحانی کے 1979 کے اسلامی انقلاب کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ایرانی صدر کے لیے یہی بہتر ہے کہ وہ محتاط رہیں۔

یاد رہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی نے 1979 کے اسلامی انقلاب کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر کہا تھاکہ ایرانی عوام کے ساتھ احترام سے بات کی جائے، ان کا کہنا تھا 'ایرانی قوم کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے والوں کو پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

حسن روحانی نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت اور اس کی مسلح افواج کو دھمکیاں دینے والوں کو جان لینا چاہیے کہ ہماری قوم چوکنا اور محتاط ہے۔

امریکا نے حال ہی میں ایران کی جانب سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے اور یمنی باغیوں کی حمایت کی پاداش میں ایران پر اقتصادی پابندی عائد کی تھی، جس کے تحت ایران کی 13 شخصیات اور 12 کمپنیوں پر پابندی لگائی گئی۔محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ ایران اور چین میں مقیم یہ شخصیات اور کمپنیاں تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور پاسداران انقلاب کے حامی ہیں۔

جس کے بعد ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کا جواب دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ ان امریکی شہریوں اور کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کرے گا جو دہشت گرد تنظیمیوں کو بنانے اور ان کی معاونت میں ملوث ہیں۔دوسری جانب ایران بیلسٹک میزائل تجربے کو عالمی معاہدوں کے مطابق قرار دیتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ 2015 میں عالمی قوتوں سے کی گئی نیوکلیئر ڈیل کی خلاف ورزی نہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل 2 ہزار کلو میٹر تک پہنچ سکتے ہیں اور یہ میزائل اسرائیل اور خلیج میں امریکی اڈوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔گذشتہ ہفتے ایرانی فوج کے کمانڈر نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر ملکی سلامتی کو خطرہ ہوا تو ایران اپنے دشمنوں کے خلاف میزائلز استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ایرانی پاسداران انقلاب کے ایرواسپیس یونٹ بریگیڈیئر جنرل عامر علی حاجی زادہ کا کہنا تھا ہم ایران کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، اگر ہم نے دیکھا کہ ہمارے دشمن کوئی چھوٹا سا بھی غلط قدم اٹھارہے ہیں تو ہمارے ہنگامہ خیز میزائلز ان کی سرزمین پر گریں گے۔

متعلقہ عنوان :