سود کی رقم واپس نہ کرنے پر شہری کا گردہ نکالنے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

منگل 23 مئی 2017 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء)لاہور ہائیکورٹ نے سود کی رقم واپس نہ کرنے پر شہری کا گردہ نکالنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شہبازرضوی نے کیس کی سماعت شروع کی تو ملزمان منظور وغیرہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ہم نے ہنجر وال کے رہائشی شہری عرفان کا گردہ نہیں نکالا ،مدعی کی جانب سے بے بنیاد درخواست سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ہمارے خلاف گردہ نکالنے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔ شہری عرفان کے وکیل نے بتایا کہ اس نے ملزمان سے دس ہزارروپے بطور قرض سود لیا اور پانچ سالوں سے سود کی پانچ سو روپے ماہانہ قسط ادا کرتا رہا لیکن اصل رقم واپس نہ کرنے پر ملزمان نے اس کا گردہ نکال لیا۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔