عام آدمی پارٹی نے’’کرپشن مکائو ،ملک بچائو‘‘ تحریک شروع کر نے کا اعلان کر دیا

اتوار 23 جولائی 2017 20:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر جولائی ء)عام آدمی پارٹی نے’’کرپشن مکائو ،ملک بچائو‘‘ تحریک شروع کر نے کا اعلان کر دیا،کرپشن کا خاتمہ،عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی عام آدمی پارٹی کا منشور ہے۔ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی پاکستان کے چیئرمین ارسلان الملک نے کہا کہ ہمارا معاشرہ رشوت، سفارش، اقرباپروری، کرپشن ،بے ایمانی اور بد دیانتی کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے موجودہ صورتحال میں ملک میں معاشی، سیاسی، انتخابی اور اخلاقی کرپشن کا ناسور قومی سلامتی کیلئے خطرناک شکل اختیار کر گیا ہے،بے انتہا غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بد امنی کی بنیا دی و جہ موجودہ کرپٹ سسٹم ہے جس کی وجہ سے بے انتہا معدنیات، بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال جفا کش اور محنتی قوم کے باوجود غریب، غریب تر اور امیر، امیر ہو رہا ہے،آئین پاکستان میں عام شہری کو عزت کی روٹی، تعلیم، علاج اور رہائش دینے کی ضمانت دی گئی ہے مگر کرپٹ حکمرانوں نے ان بنیادی حقوق سے شہریوں کو محروم رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ،کرپشن میں لتھڑے ہوئے حکمران جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں ان کا احتساب پوری قوم کی آواز بن چکا ہے ان کی رخصتی سے پاکستان میں بادشاہت کا خاتمہ اورملک میں حقیقی جمہوریت کا دورشروع ہوگا۔