سپین آئندہ چند ماہ میں فلسطینی حکومت کو تسلیم کرسکتا ہے،سپینی وزیر خارجہ

بدھ 22 نومبر 2017 12:11

میڈرڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات نومبر ء) سپین کے وزیر خارجہ الفانسو داستیس نے کہا ہے کہ سپین آئندہ مہینوں میں فلسطینی حکومت کو تسلیم کر سکتا ہے۔ فلسطین کے صدر محمود عباس، وزیر خارجہ ریاض المالکی کے ہمراہ سپین کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہسپانوی ہم منصب الفونسو داستیس سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داستیس نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں یورپی یونین کے اندر ایک وسیع سمجھوتہ متوقع ہے جس کی رٴْو سے سپین فلسطینی حکومت کو تسلیم کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی حکومت کو تسلیم کرنے کا عمل یورپی یونین کے ساتھ مربوط شکل میں کیا جانا چاہیے اور اس عمل کو مستقبل میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ایک امن سمجھوتے میں معاونت کے ہدف تک لے کر جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

مجھے امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں یورپی یونین کے اندر یہ سمجھوتہ طے پا جائے گا۔داستیس نے کہا کہ اسپین ، فلسطین اور اسرائیل کے مسئلے میں ہمیشہ جمہوری، خود مختار اور قابل اعتبار دو حکومتی حل کا حامی ہے اور جلد یا بدیر یہ حقیقت کا روپ دھار جائے گا۔فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بھی کہا کہ اس وقت تک اگر سپین فلسطینی حکومت کو تسلیم کر چکا ہوتا تو ہمیں زیادہ خوشی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ سپین کا یہ اقدام علاقے کی ترقی اور امن کی حوصلہ افزائی کے لئے معاون ثابت ہو گا اور سپین کے فلسطینی حکومت کو تسلیم کرنے کے لئے ہم 2 دوست ملکوں کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔