برطانیہ ،ْآن لائن ٹیکسی سروس کا ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف

وقوعہ کے وقت وہ امریکی ریگولیٹرز کے ساتھ علیحدہ رازداری خلاف ورزیوں سے متعلق مذاکرات میں مصروف تھے قانونی طور پر ریگولیٹرز اور ان ڈرائیورز کو رپورٹ کرنیکی ضرورت تھی جن کے لائسنس نمبر ہیک ہوئے تھے ،ْ کمپنی کا بیان

بدھ 22 نومبر 2017 22:29

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات نومبر ء) ہیکرز نے موبائل ایپ کے ذریعے سفر کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے 5کروڑ70لاکھ صارفین اور ڈرائیورز کا ڈیٹا چرایا تھا،کمپنی نے ڈیٹا ضائع کرنے کے لئے ہیکرز کو ایک لاکھ ڈالر ادا کیے۔برطانوی اخبار کے مطابق ہیکرز نے اکتوبر 2016ء میں اوبر کمپنی کی5کروڑ صارفین اور 70لاکھ ڈرائیورز کے نام، ای میل ایڈریس اور فون نمبر کا ڈیٹا چوری کیا،تاہم کمپنی ایک سال سے زائد عرصے تک سیکورٹی کی اس خامی کو چھپانے میں کامیاب رہی۔

کمپنی نے دعویٰ کیاکہ وقوعہ کے وقت وہ امریکی ریگولیٹرز کے ساتھ علیحدہ رازداری خلاف ورزیوں سے متعلق مذاکرات میں مصروف تھے تاہم اب کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ قانونی طور پر ریگولیٹرز اور ان ڈرائیورز کو رپورٹ کرنیکی ضرورت تھی جن کے لائسنس نمبر ہیک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ہیکنگ پر خاموشی اختیار کرنے پر کمپنی کے چیف سیکورٹی آفیسراور اس کے نائب کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔

ستمبر میں کمپنی کے نئے سی ای او کا چارج لینے والے ایرانی نژاد امریکی دارا خسروشاہی نے پریس کو جاری بیان میں کہاکہ وقوعہ کے وقت ڈیٹا محفوظ کرنے کے لئے فوری اقدامات کیے گئے اور غیر مجاز افراد کی رسائی بند کردی گئی۔کمپنی نے دعویٰ کیا کہ کسی کا سوشل سیکورٹی نمبر، کریڈٹ کارڈ تفصیلات یادوروں کے مقامات سے متعلق معلومات چوری نہیں ہوئیں۔