مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جہانگیر ترین کی خالی کردہ نشست پر گزشتہ مرتبہ شکست کھانے والے امیدوار صدیق بلوچ کی جگہ نئے امیدوار کو لانے کا فیصلہ،اعلیٰ قیادت مشاورت کرے گی

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 دسمبر 2017ء) سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین کو نا اہل قرار دیئے جانے اور اس حوالے سے ان کو ڈی سیٹ کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے حلقہ این اے 154لودھراں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردے گا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت مشاورت کے بعد اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین کو نا اہل قرار دیئے جانے اور ان کو ڈی سیٹ کئے جانے کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد امکانی طور پر الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے حلقہ این اے 154لودھراں پر ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کر دے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس مرتبہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت گزشتہ مرتبہ شکست کھانے والے امیدوار صدیق بلوچ کی جگہ نئے امیدوار کو لانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے حمزہ شہباز شریف نے رابطے شروع کر دیئے جبکہ نواز شریف شہباز شریف اور دیگر مرکزی رہنما مشاورت کریں گے اور ان کی مشاورت کے بعد امیدوار کے نام کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ این اے 154 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی کل تعداد 4لاکھ 19ہزار 182ہے۔

متعلقہ عنوان :