وزیر مملکت اطلاعات کے غیرمسلمو ں بارے میں نامناسب کلمات

حکومتی جماعت کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا مریم اورنگزیب سے رابطہ، وزیراطلاعات نے نشاندہی کرنے پر وضاحتی بیان جاری کردیا ڈاکٹر رمیش وانکوانی کی اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن)کی اعلیٰ قیادت کو مذہبی حساس معاملات چھیڑنے سے گریز کرنے کا مشورہ

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 دسمبر 2017ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کے مذہبی اقلیتی برادری کے خلاف ہتک آمیز کلمات کو سخت افسوسناک قرار دے دیا،مریم اورنگزیب کے غیرمسلموں کے بارے میں بیان پر اپنے تبصرے میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ وہ پاکستان ہندوکونسل کے سیکرٹریٹ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس میں شریک تھے جب انہیں ٹیلی وڑن چینلز کے توسط سے وزیر اطلاعات کے نامناسب بیان کا پتا لگا، ڈاکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر وزیراطلاعات مریم اورنگزیب سے رابطہ کرکے افسوسناک کلمات کی نشاندہی کی،وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی سے واٹس ایپ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کو ملنے والی غیر ملکی فنڈنگ کے تناظر میں بات کی تھی، وزیراطلاعات نے ڈاکٹر رمیش وانکوانی کو کہا کہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے الفاظ کا مختلف چناؤ کرنا تھا تو میں آپ کی رائے کا احترام کرتی ہوں اور اس ضمن میں نشاندہی کرنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے میڈیا کو بتایا کہ انکے نشاندہی کرنے کے بعد مریم اورنگزیب نے میڈیا کو اپنا وضاحتی بیان جاری کیا، تاہم پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اپنے تبصرے میں زور دیا کہ غلطیاں انسان سے ہی سرزد ہوجاتی ہیں اور اعلیٰ ظرف انسان اپنی غلطی مان کر مستقبل میں نہیں دہراتے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ بلا شبہ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اپنی حکومتی ذمہ داریاں نہایت احسن انداز میں ادا کررہی ہیں لیکن سیاسی دشمنی میں مذہبی حوالوں کو استعمال کرنے سے مشکلات کا شکار امن پسند پاکستانی غیرمسلم برادری کے احساسِ عدم تحفظ میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی وزیراطلاعات کو اپنے طرزعمل سے ثابت کرنا چاہیے کہ اسلام تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام یقینی بنانے پر زور دیتا ہے اور کسی غیرمسلم برادری کے مذہبی جذبات حکومتی سطح پر مجروح کرنا موجودہ حکومت کیلئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اپنی جماعت مسلم لیگ (ن)کی اعلیٰ قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ مذہب سے متعلق حساس معاملات کو چھیڑنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔