مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال کے مختصر دور اقتدار میں ملک کے اہم مسائل کو حل کیا ہے، اویس لغاری

ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوچکاہے ، امن وامان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے ، ملک میں سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھ رہاہے، ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 22:07

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 دسمبر 2017ء) وفاقی وزیر برائے توانائی (پاورڈویژن ) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں حقیقی مثبت تبدیلی لارہی ہے ۔ چار سال کے مختصر دور اقتدار میں ملک کے اُن مسائل کو حل کیاہے جو عرصہ دراز سے عوام پر مسلط تھے ۔ آج ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوچکاہے ، امن وامان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے ۔

ملک میں سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھ رہاہے ، ایسے بن رہاہے ’’نیاپاکستان ‘‘۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل دراہمہ اور یونین کونسل بیٹ بیت والا شانوں شاہ میں مختلف عوامی اجتماعات اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جن میں پاکستان تحریک انصاف کے مختلف عہدیداروں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) لغاری گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کی بنیادسردار فاروق احمد خان لغاری کے عوامی خدمت اور ذاتی مفادات کی نفی کے نظریات پر قائم ہے۔ ہمیں جب بھی اقتدار ملا ہم نے اجتماعی عوامی مفادکے منصوبوں پر زور دیا ۔ عوام ہماری طاقت ہیں ہم بھی ان کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ لغاری گروپ نے ہمیشہ ڈی جی خان کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں ۔

ہمارے سیاسی مخالفین ہم سے زیادہ عرصہ برسراقتدار اور بااختیار رہے ہیں مگر انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کام نہیں کروائے ، ہم نے چار سال کے مختصر عرصہ میں سڑکوں، سیوریج ، گیس اور بجلی کے لاتعدادمنصوبے مکمل کروادئیے ہیں ۔ عوام نے موقع دیا اور اگلے الیکشن میں کامیابی دی تو سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ہماری اولین ترجیح سکولوں اور ہسپتالوں کے معیارکو بہتر بناناہوگی۔

انہوں نے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب کی طرف وسائل کا رُخ موڑاہے ، اگلا دور حکومت اگر ہمارا ہواتو میں آپ کو یقین دلاتاہوں کہ گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازی خان کے سکولوں اور ہسپتالوں کا معیار ایک جیسا ہوگا ۔ ملتان مظفرگڑھ روڈ کی تعمیر میاں شہبازشریف کا ڈی جی خان کی عوام کے لئے تحفہ ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتاہوں ، ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ان کے علاقوں کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں ۔ گزشتہ روز کے اجتماعات میں پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں محمد اسلم سرکانی اور قاسم خان گورمانی نے اپنی برادریوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل دراہمہ سردار امجد شاہ نے کہا کہ نئے آنے والے ساتھیوں سے ہمیں تقویت ملی ہے ۔

لغاری گروپ کی سیاست عزت اور احترام پر مبنی ہے یہاں انہیں عزت بھی ملے گی اور ان کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے ۔ محمد اکبر بھٹی نے کہا کہ این اے 173کی 50یونین کونسلوں میں لاتعداد ترقیاتی کام سردار اویس احمد خان لغاری کی وجہ سے مکمل ہورہے ہیں ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین یونین کونسل دراہمہ ربنواز شاہانی بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں سردار اویس احمد خان لغاری نے این اے 173کے مختلف علاقوں میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے لئے اُن کے گھر گئے انہوں نے مصطفی خان چانڈیہ سے ان کے بیٹے ،محمد خان زورسے ان کے بیٹے سجاد خان، ملک رمضان خان پتافی کی بھتیجی ، حاجی افضل لاڑ،حاجی اللہ بخش جھنج ،سجاد حسین خان سیوڑہ سے ان کے چچا محمد بخش خان سیوڑہ ، خادم حسین موہانہ کی بیٹی کی وفات پراُن سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی یت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :