آسٹریلیامیں انوکھے مقصد کے تحت ساحل پر گائیوں کا دھاوا،ہلچل مچادی

ان گائیوں کو دیہی علاقوں میں طبی ضروریات کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے منصوبے کے تحت لایا گیا

اتوار 18 مارچ 2018 15:10

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 18 مارچ 2018ء)آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں مشہور ساحل پر گائیوں کے ڈکرانے کی آوازوں نے ہلچل سی مچا دی۔ ان گائیوں کو دیہی علاقوں میں طبی ضروریات کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے منصوبے کے سلسلے میں لایا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک غیر مانوس نوعیت کے منظر میں مذکورہ ساحل پر 40 گائیوں کا ریوڑ نظر آیا، یہ ساحل اپنی نرم ریت کے سبب جانا جاتا ہے۔

اس ریوڑ کی نگرانی چھ افراد کر رہے تھے جو خود گھوڑوں پر سوار تھے۔اس اچھوتے خیال کے پیچھے 36 سالہ خاتون میگن میکلوفلین کی سوچ کار فرما ہے جن کے اعضا کی پیوند کاری سے متعلق دو آپریشن ہو چکے ہیں۔ خاتون نے اس طریقے سے دیہی علاقوں میں اعضا کو عطیہ کرنے اور صحت سے متعلق خدمات کی مزید سپورٹ کے لیے آگاہی پیدا کرنے کا ارادہ کیا۔

(جاری ہے)

سات برس پہلے میگن کا آنکھوں کا آپریشن ہوا تھا۔

اس وقت انہیں اس حقیقت کا ادراک ہوا کہ دیہی علاقوں میں اعضا کے ضرورت مند افراد کے لیے طبی خدمات نہ ہونے کے برابر ہیں۔اس آگاہی مہم کے لیے آسٹریلیا کے دوردراز علاقوں سے گائیوں کو لایا گیا۔ اس کا مقصد ان طویل فاصلوں کا ظاہر کرنا تھا جو دیہی علاقوں کے لوگ طبی خدمات کے حصول کے واسطے طے کرتے ہیں۔آسٹریلیا میں شماریات کے قومی ادارے کے مطابق ملک کی آبادی کا ایک تہائی حصہ یعنی 2.4 کروڑ افراد بڑے شہروں سے باہر سکونت پذیر ہے۔