رائیونڈ روڈ بم دھماکے کے آٹھ زخمی صحتیابی کے بعد جنرل ہسپتال سے ڈسچارج

اتوار 18 مارچ 2018 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 18 مارچ 2018ء)رائیونڈ روڈ بم دھماکے میں زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو صحتیابی کے بعدلاہور جنرل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ چھ زخمی ابھی تک ہسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم ان کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے گزشتہ روزایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین و دیگر ڈاکٹرزکے ہمراہ ہسپتال میں ابھی تک زیر علاج بم دھماکے کے زخمیوںکو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

وہ ان تمام زخمیوں کے بیڈز پر گئے اور ان کی صحت کے بارے دریافت کیا۔اس موقع پر پروفیسر غیاث النبی طیب نے زخمیوں کی دیکھ بھال پر مامور ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ خدمت خلق اور دکھی انسانیت کے کام آنے کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے بم دھماکے کے زخمیوں سمیت ہسپتال کے تمام مریضوں کی پوری توجہ ، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دیکھ بھال کریں۔

(جاری ہے)

تاکہ بم دھماکے کے افسوسناک واقعہ میں قربانی دینے والے قوم کے ان بہادر سپوتوں کو مکمل صحت یابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ روڈ پر بم دھماکے کے بعد جنرل ہسپتال میں منتقل کیے جانے والے افراد کو فوری طور پر ہرممکن طبی امداد فراہم کی گئی اور ہسپتال میں میسر تمام سہولیات کو استعمال کرتے ہوئے تمام عملے کو الرٹ کر دیا گیا ۔ یہ الرٹ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری زخمی صحت یاب ہو کر ڈسچارج نہیں ہو جاتا۔

متعلقہ عنوان :