سعودی عرب کی فلسطینیوں کے مفادات پر توجہ مرکوز،تمام فریقین کے لیے امن کی بات کرتا ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

اتوار 18 مارچ 2018 15:10

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 18 مارچ 2018ء) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی فلسطینیوں کے مفادات پر توجہ مرکوز ہے اور وہ تمام فریقین کے لیے امن کی بات کرتا ہے۔ ایک انٹرویو میں ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب اور امر یکا کے تاریخی تعلقات 80 سال پر محیط ہیں، سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امر یکا کا پرانا حلیف ہے۔

(جاری ہے)

ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امن کا عمل آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جارڈ کوشنر کی زیرنگرانی امن مساعی کو سعودی عرب کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب تمام فریقین کے لیے امن کی بات کرتا ہے،ہمیں کشیدگی پیدا کرنے کی بات نہیں کرنی چاہیے اور وہ فلسطینیوں کے حقوق اور مفادات پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ سب کے مفاد کی بات کرتے ہیں۔ ولی عہد نے یمن میں جاری جنگ، ایران کے ساتھ کشیدگی اور دیگر اہم امور پربھی تبادلہ خیال کیا۔