تحریک انصاف کے رہنمائوں کا عمران خان کی جلسہ گاہ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ اور میڈیا سے گفتگو

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کراچی آ کر بارہ مئی کو جلسہ کریں گے جس میں کراچی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، پارٹی قیادت

جمعرات 10 مئی 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 10 مئی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما علی زیدی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عمران اسماعیل، پی ٹی آئی سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جلسہ گاہ واقع الہ دین پارک سے متصل گرائونڈ کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی قیادت نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کراچی آ کر بارہ مئی کو جلسہ کریں گے جس میں کراچی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سینئر مرکزی رہنما علی زیدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے بعد ہم ایک بار پھر جلسہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ اس بار ہم الہ دین پارک سے متصل گرائونڈ میں جلسہ کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پورے کراچی کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جلسے میں ضرور آئیے۔

ہم لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں بلکہ کراچی میں امن و آشتی کا پیغام لے کر ا ٓئے ہیں۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف امن پسند اور صلح جو سیاسی جماعت ہے۔ ہم کسی محاذ آرائی اور مخاصمت کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ بارہ مئی کو کراچی کے امن کا جشن منائیں گے۔ کراچی میں ہونے والا یہ جلسہ یادگار، تاریخی اور عظیم الشان ہوگا۔

مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عمران اسماعیل کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کا جلسہ یادگار بنانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے بہت اچھے انتظامات کیے ہیں۔ کراچی کے شہریوں کو ضرور چیئرمین عمران خان کا خطاب سننا چاہئے اور کراچی پیکیج کی تفصیلات جاننی چاہئیں۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم انصاف پسند سیاسی جماعت ہیں اور کسی سیاسی پارٹی کی شر انگیزی سے ہرگز متاثر نہیں ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی میں بہترین اور عظیم الشان جلسہ کرے گی۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بارہ مئی کا جلسہ الہ دین پارک سے متصل گرائونڈ میں اس لیے رکھا گیا ہے کیونکہ ہم پیپلز پارٹی یا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی محاذ آرائی نہیں چاہتے۔ چیئرمین عمران خان کراچی پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں جس سے کراچی کے لوگوں کو واقعتا محسوس ہوگا کہ چیئرمین عمران خان کراچی کے مسائل کو سمجھتے اور ان کا ادراک رکھتے ہیں۔ نہ صرف چیئرمین پی ٹی آئی کراچی کے مسائل کو سمجھتے ہیں بلکہ ان کے حل کا ایک واضح لائحہ عمل بھی ان کے پاس موجود ہے۔