تحریک انصاف کے پنجاب میں تگڑے ترین رہنما نے مشروط طور پر سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

پنجاب میں کوئی ایک فلٹر پلانٹ بھی شفاف لگا ہو، سیاست چھوڑ دونگا ،ْمیاں محمودالرشید کرپشن ختم ہوئی نہ لوڈشیڈنگ ،ناکامی پر شہباز شریف قوم سے معافی مانگیں‘صحافیوں کے وفد سے گفتگو

منگل 29 مئی 2018 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 29 مئی 2018ء)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب کو کمپنی طرز پر چلانے کے چکر میں قوم کو اربوں روپے پر ہاتھ صاف کیا گیا،کرپشن کمپنیوں کے سربراہان لوٹ مار کرتے گئے بھاگتے گئے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں،اربوں روپے کی لوٹ ماروزیراعلیٰ کی ناک کے نیچے ہوئی، چیلنج کرتا ہوں شہبا زشریف پنجاب میںکوئی ایک شفاف منصوبہ نہیں بتا سکتے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے میں ناکامی پر شہباز شریف قوم سے معافی مانگیں اور سیاست کو خیر باد کہہ دیں۔ پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا شہباز شریف پنجاب میں ناکام ثابت ہوئے، شہبازشریف کا ذہنی معیار چیک کریں انہوں نے لاہور کی دو فیصد آبادی کیلئے اورنج ٹرین پر270ارب روپے خرچ کر دیئے دوسری جانب مودی نی57.5ارب میں ڈیم بناکر ہمارا پانی روک دیا۔

(جاری ہے)

پورے پنجاب کو کمپنی طرز پر چلا کر محصوص افراد کو نوازا گیا، صاف پانی، پارکنگ، سالڈ ویسٹ سمیت56کی 56کمپنیوں نے کرپشن کی نئی داستانیں رقم کیں۔ جب تحقیقات کیلئے ریکارڈ طلب کیا گیا تو عدالتی احکامات کے بعد بھی ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا، اس سے قبل جب صرف11 کمپنیوں کا آڈٹ کیا گیا تو اس میں166ارب کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ یہاں رکا نہیں کمپنی سربراہ بھاری تنخواہوں کے علاوہ لوٹ مار میں مصروف رہے اور پھر با آسانی فرار بھی ہوتے رہے، میاں محمودالرشید نے مطالبہ کیا کہ کرپشن کمپنیوں کے سربراہان لوٹ مار کرتے گئے بھاگتے گئے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں، نیب انٹرپول کی مدد سے برطرف ایم ڈی لاہور ویسٹ بلال مصطفیٰ کو واپس لائے۔

میاں محمودالرشید کا مزید کہنا تھا کہ شہبا زشریف پنجاب میںکوئی ایک شفاف منصوبہ بتا دیں، سیاست سے ہمیشہ کیلئے الگ ہو جائونگا۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے میں ناکامی پر شہباز شریف قوم سے معافی مانگیں اور سیاست کو خیر باد کہہ دیں۔