نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے نگران وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت شروع کر دی

وزیر خارجہ کیلئے حسین عبداللہ ہارون، وزارت دفاع اور دفاعی پروڈکشن کیلئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد نعیم لودھی کا نام زیر غور

جمعہ 1 جون 2018 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 1 جون 2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے نگران وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے، وزیر خارجہ کیلئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب حسین عبداللہ ہارون کا نام زیر غور ہے جبکہ سابق سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد نعیم لودھی کا نام بھی کابینہ میں شمولیت کیلئے زیر غور ہے، ان کے محکمے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع اور دفاعی پروڈکشن کی وزارت لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد نعیم لودھی کو دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیر خزانہ کیلئے سابق گورنر اسٹیٹ بینک بیگم شمشاد اختر کا نام زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ پیر تک نگران کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور نگران کابینہ آئندہ ہفتے حلف اٹھائے گی، نگران کابینہ میں 12 سے 14 وفاقی وزراء شامل کئے جا رہے ہیں، کئی ریٹائرڈ بیورو کریٹس کے نام بھی زیر غور ہیں، حسین عبداللہ ہارون کو وزیر خارجہ کیلئے پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ میں مستقبل مندوب کے طور پر حسین عبداللہ ہارون نے پاکستان کو سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں دلوائی تھیں اور ان کی کارکردگی شاندار رہی اور اسی بناء پر نگران وزیر خارجہ کے طور پر ان کا نام زیر غور ہے۔