نواز شریف کو زیب نہیں دیتا ایک صوبے کے عوام کوبیوقوف کہیں، اے این پی

یہ لوگ کس منہ سے یہاں آکر ووٹ مانگیں گے، نوازشریف اپنے الفاظ واپس لیں اور پوری قوم سے معافی مانگیں، ترجمان اے این پی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 27 جنوری 2024 23:16

نواز شریف کو زیب نہیں دیتا ایک صوبے کے عوام کوبیوقوف کہیں، اے این پی
پشاور (اردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27 جنوری 2024) ترجمان اے این پی نے قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو زیب نہیں دیتا ایک صوبے کے عوام کوبیوقوف کہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کس منہ سے یہاں آکر ووٹ مانگیں گے، نوازشریف اپنے الفاظ واپس لیں اور پوری قوم سے معافی مانگیں۔ ترجمان اے این پی ثمربلور نے مزید کہا کہ شاید آج نوازشریف ایک بارپھرتاریخ دہرارہے ہیں، پختونخوا کے عوام کے نمائندے ابھی موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ لوگ کس منہ سے یہاں آکر ووٹ مانگیں گے، ماضی میں اسی جماعت نےہمارےحقوق دینےسےانکارکیاتھا، حقوق سے انکارپرخان عبدالولی خان نے ان سے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ لاہور میں منشور جاری کرنے کی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نےکہا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ آسانی سے بیوقوف بن جاتے ہیں، یہ بیماری خیبرپختونخوا سے ہی آئی ہے، 2013 میں ان کی حکومت بننے ہی نہیں دینی تھی، نہ ہوتا بانس نہ بجتی بانسری۔

(جاری ہے)

ن لیگی قائد نے کہا کہ سال 2018سے2013تک پی پی حکومت کی تھی،میثاق جمہوریت کی بہت خلاف ورزیاں ہوئیں پر برداشت کیا، ججوں کی بحالی تب تک نہیں ہوئی جب تک لانگ مارچ نہیں کیا گیا، لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچا تو ججوں کی بحالی کی خبر آئی، لانگ مارچ کا مقصد شہباز شریف کی حکومت کی بحالی نہیں تھی، اسلام آباد نہیں گئے، ہم نے پی پی کو پورا موقع دیا حکومت مکمل کرنے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ یک جان ہوکر بانی پی ٹی آئی کے خلاف کھڑی ہوئی، حکومت مینڈیٹ لیکرآئےاوراس کےخلاف دھرنے شروع کردیں، کیا واسطہ طاہر القادری کا پاکستان کی سیاست سے ،ان کے ساتھ گٹھ جوڑ کررہےتھے، جسٹس ناصر الملک نے کہا الیکشن شفاف ہوئے،کوئی 35 پنکچروالی بات نہیں۔ نواز شریف نے بتایا کہ میں نے پاکستان کی خاطراُس شخص کےساتھ بیٹھنےکی بات کی ، میں تو پاکستان کی خاطران کے پاس گیا کہ چاہتے کیاہیں، بعد میں پتہ چلاکہ سڑک بنا دیں اسلام آبادسےبنی گالہ تک جو ہم نے بنا دی، اسلام آباد سے بنی گالہ سڑک کا کام تھاتوپہلےہی بتادیتے،یہ کام پہلے ہی ہوسکتا تھا۔

ن لیگی قائد کا کہنا تھا کہ اللہ نے حکومت کا موقع دیا تو وہ کام کریں گے، جو پاکستان کی خوشحالی کا ایجنڈا ہے، اگر اپوزیشن میں آئے تو وہ کام نہیں کریں گے جو انہوں نے کیا۔ سابق وزیراعظم نے مزید بتایا کہ مولانا سے کہا تھا کے پی میں عددی اعتبارسے وہ زیادہ ہیں انہیں حکومت کرنے دیا جائے، سال 2018میں لیگ پنجاب میں نمبرون پارٹی تھی، مرکزمیں بھی حکومت بننی تھی ، ہمارے بندوں کو پکڑ کر لائے، جہاز اڑے اور دھکے سے پنجاب میں حکومت قائم کی گئی۔