لیبیا میں کنٹینر میں دم گھٹنے سے آٹھ غیرقانونی تارکین وطن ہلاک،90کو بچالیاگیا

طویل وقت کنٹینر میں بند رہنے کے باعث دم گھٹنے سے ہلاکتیں ہوئیں،بے ہوش افرادعلاج کے لیے اسپتال منتقل

منگل 17 جولائی 2018 12:27

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 جولائی 2018ء)لیبیا میں غیرقانونی طریقے سے یورپ منتقلی کی کوشش کے دوران بند کنٹینر میں دم گھٹنے سے کم سے کم آٹھ تارکین وطن ہلاک اور 90 بے ہوش گئے تاہم دیگر کو بچالیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق لیبیا کے سیکیورٹی حکام کا کہنا تھاکہ 90 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے جب کہ آٹھ تارکین وطن دم گھٹنے کے نتیجے میں زندگی کی بازی ہار گئے ۔

ان کا تعلق مختلف ملکوں سے بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

لیبیا کے زواری شہر کے ڈائریکٹوریٹ سیکیورٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ پولیس نے ایک بڑے کنٹینر کی تلاشی لی جس میں 100 غیرقانونی تارکین وطن ٹھونسے ہوئے تھے۔ کنٹینر میں ڈیزل کے کئی گیلن بھی رکھے گئے تھے۔ یہ فریزر نما کنٹینر مردہ مچھلیوں اور گوشت کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔حکام کا کہنا تھا کہ طویل وقت کنٹینر میں بند رہنے کے باعث دم گھٹنے سے چھ بچوں اور ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ دیگر بے ہوش افراد کو علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔