عرب اتحاد نے یمن کے ضلع میدی میں حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

ْکارروائی کے آغاز پر اتحادی طیاروں نے حوثی کے زیر انتظام متعدد عسکری ٹھکانوں پر حملے کیے

منگل 17 جولائی 2018 14:42

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 جولائی 2018ء)یمن میں حجّہ صوبے کے ضلعے میدی میں عرب اتحاد کی فوج نے حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون جاسوس طیارہ مار گرایا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی فوج نے عرب اتحاد کی معاونت سے علی الصبح حجّہ صوبے کے ضلعے حرض میں داخل ہونا شروع کر دیا تا کہ اسے حوثی ملیشیا کے قبضے سے آزاد کرایا جا سکے۔

کارروائی کے آغاز پر اتحادی طیاروں نے حوثی کے زیر انتظام متعدد عسکری ٹھکانوں پر حملے کیے۔ اس دوران عسکری گاڑیوں اور راکٹ لانچروں کے علاوہ باغیوں کے جتھوں کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب زمینی عسکری ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اس دوران عرب اتحاد کے طیاروں اور توپ خانوں کی معاونت حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی کارروائیوں میں حوثیوں کے تزویراتی ٹھکانوں کی تباہی کو یقینی بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد محاذوں پر یمنی فوج اور عرب اتحاد کی پیش قدمی آسان ہو گئی۔

اس سے قبل یمنی فوج نے عرب اتحاد کی سپورٹ سے حجہ صوبے میں جبل شبکہ پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد حرض ضلعے اور صعدہ صوبے کے درمیان حوثیوں کی سپلائی لائن منقطع کر دی تھی۔ اس دوران درجنوں حوثی باغی مارے گئے جب کہ دیگر فرار ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :