Sehat Mand Qalab Zindagi Ki Alaamat - Article No. 1099

Sehat Mand Qalab Zindagi Ki Alaamat

صحت مند قلب زندگی کی علامت - تحریر نمبر 1099

جو افراد روغنی غذائیں زیادہ کھاتے ہیں،ان کے خون میں چربی شامل ہوجاتی ہے۔پھر رفتہ رفتہ یہ چربی شریانوں میں جمع ہونے لگتی ہے،جس کے باعث ان کی شریانیں تنگ ہوجاتی ہیں۔جب شریانوں میں تنگی ۵۰ یا ۶۰ فی صد سے زیادہ بڑھ جاتی ہے تو دورانِ خون میں رکاوٹ پیدا ہونے لگتی ہے۔ایسی حالت میں اگر کسی قسم کی ورزش یا جسمانی کام کیا جائے تو سینے میں درد محسوس ہونے لگتا ہے،اسی درد کو انجائنا کہتے ہیں۔

جمعہ 26 مئی 2017

جب شریانیں مکمل طور پر بند ہو جاتی ہیں اور ان میں سے خون بالکل نہیں گزرنے پاتا تو حملہ قلب (HEART ATTACK) ہوجاتا ہے۔اگر دل کسی بھی سبب خون کو پمپ کرنا بند کردے تو اسے ناکاریِ قلب (HEART FAILURE ) ہوجاتا ہے۔
اگر خون کی نالیوں کی جانچ اور فعالیت چیک کرنا ہوتو انجیو گرافی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کا طریقہ یہ ہے کہ کلائی کی نچلی سطح پر موجود رگ میں خاص قسم کا مواد داخل کیا جاتا ہے۔

اس مواد کی حرکت کو کمپیوٹر اسکرین پر دیکھا جاتا ہے۔اس کی حرکت کی رفتار یا اس کے رُک جانے سے خون کی نالیوں میں رکاوٹ کا پتا چلا لیا جاتا ہے۔اسے انجیو گرافی کہاجاتا ہے۔
انجیوپلاسٹی میں خون کی نالی میں رکاوٹ کو دُور کرکے اسے کھولا جاتا ہے۔خون کی تنگ نالی کو کھولنے کے لیے ایک خاص قسم کا آلہ داخل کیا جاتا ہے۔ اس آلے کی مختلف اقسام ہیں۔
کچھ سادے اور کچھ دوا والے ہوتے ہیں۔دوا والے آلے کی تہ میں دوا لگی ہوتی ہے۔یہ آلہ زیادہ مفید ہوتا ہے۔آلے کو نالی میں ڈال کر رکاوٹ یا بندش کو دھکیل کر دُور کر نے کی کوشش کی جاتی ہے۔اس عمل کے دوران ایک مخصوص بند غبارا بھی خون کی نالی میں داخل کیا جاتا ہے،جو خون کی روانی کو یقینی بناتا ہے۔اسے انجیو پلاسٹی کہتے ہیں۔ اس عمل سے مریض تکلیف سے چھٹکارا پا لیتا ہے۔

دل کی شریانوں میں تنگی یا دل کے دورے سے شریان کے مکمل بند ہوجانے کی وجہ سے ماہرِ قلب”بائی پاس آپریشن“تجویز کرتا ہے۔اس آپریشن میں مریض کی ٹانگ یا سینے کی رگ لے کر دل کی صحت مند شریان کے ساتھ جوڑ دی جاتی ہے اور بند شریان کا کام یہ نئی اور صحت مند رگ کرنے لگتی ہے۔
بائی پاس آپریشن عموماََ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا ہوتا ہے۔آپریشن کے بعد مریض کو اسپتال کے کمرے میں منتقل کردیا جاتا ہے۔پانچ سے سات دن کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت مل جاتی ہے۔

Browse More Health Articles & Tips in Urdu