Mardoon Ke Mohlik Amraz - Article No. 2404

Mardoon Ke Mohlik Amraz

مردوں کے مہلک امراض - تحریر نمبر 2404

سرطان مردوں کے لئے خاص طور پر جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں

جمعرات 31 مارچ 2022

ویسے تو ہر مرض ہی خطرناک شکل اختیار کر سکتا ہے،لیکن بعض سرطان ایسے ہیں،جو آج کے دور میں بہت زیادہ بڑھتے جا رہے ہیں اور اعداد و شمار کے مطابق یہ سرطان مردوں کے لئے خاص طور پر جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں،مثلاً غذائی نالی کا سرطان،لبلبے کا سرطان،آنتوں کا سرطان،پھیپھڑوں کا سرطان،معدے کا سرطان،گردے کا سرطان،مثانے کا سرطان اور غدہ مثانہ (پروسٹیٹ) کا سرطان وغیرہ۔

غذائی نالی کے سرطان کی علامت یہ ہے کہ غذا کے نگلنے میں تکلیف ہوتی ہے۔اس تکلیف سے بچنے کے لئے تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا چاہیے اور شراب نوشی ترک کر دینی چاہیے۔لبلبے کے سرطان کی کوئی خاص علامات نہیں ہوتیں،لیکن جب مرض بڑھ جاتا ہے تو علامات یرقان، بدہضمی،معدے میں درد اور عدم اشتہا کی شکل میں ظاہر ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس مرض سے بچاؤ کے لئے تمباکو نوشی سے پرہیز ضروری ہے۔


جو افراد آنتوں کے سرطان میں مبتلا ہوتے ہیں،ان کی اجابت میں بے قاعدگی اور اس میں خون آنا اس کی خاص علامات ہیں۔اس سرطان سے بچاؤ کے لئے پھل اور سبزیاں زیادہ کھانی چاہییں۔روغنی غذائیں،گائے کا گوشت اور بکری کا گوشت کم کھانا چاہیے اور ورزش کی پابندی کرنی چاہیے۔
پھیپھڑوں کے سرطان کی علامات میں سانس کا پھولنا،مسلسل کھانسی اور کھانسی میں خون آنا شامل ہیں۔
اس سرطان سے پرہیز پھیپھڑوں کے سرطان سے بچنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
معدے کا سرطان کئی علامات سے پہچانا جاتا ہے،مثلاً غذا کے نگلنے میں تکلیف ہوتی ہے،قے ہوتی ہے اور وزن کم ہونے لگتا ہے۔اس سے حفاظت کے لئے متوازن غذائیں کھائی جائیں اور زیادہ نمک و مسالوں سے پرہیز کیا جائے۔
گردے کے سرطان میں مریض کے پہلو میں ہلکا سا درد ہوتا ہے اور پیشاب میں خون بھی آتا ہے۔
اس سرطان سے بچنے کے لئے تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا بہت ضروری ہے۔
مثانے کے سرطان میں جو علامتیں ظاہر ہوتی ہیں،ان میں پیشاب میں خون آنا،بے چینی اور درد محسوس ہونا اور بار بار پیشاب آنا شامل ہیں۔اس سرطان سے نجات حاصل کرنے کے لئے تمباکو نوشی کا چھوڑنا بے حد ضروری ہے،جب کہ غدہ مثانہ کے سرطان میں پیشاب کرنے میں تکلیف ہوتی ہے یا پیشاب کی بار بار حاجت ہوتی ہے۔غدہ مثانہ کے سرطان کے سدباب کے لئے متوازن غذائیں اور ورزش بہت ضروری ہیں۔

Browse More Cancer