Vitamin C Sartan Ke Khaliyat Khatam Karta Hai - Article No. 2813

Vitamin C Sartan Ke Khaliyat Khatam Karta Hai

وٹامن C سرطان کے خلیات ختم کرتا ہے - تحریر نمبر 2813

زبردست شفائی خصوصیات کا حامل وٹامن C سرطان کے خلیات سے لڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے

بدھ 7 فروری 2024

وٹامن C جسے اسکاربک ایسڈ بھی کہتے ہیں ویسے تو زبردست شفائی خصوصیات کا حامل ہے۔یہ دفاعی نظام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اچھی جلد اور بالوں کی صحت کو بھی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے وٹامن C مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے بھی اکسیر ہے تاہم امریکا میں ہونے والی جدید ترین تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ وٹامن C جان لیوا ٹیومر سیلز کو بھی ختم کرتا ہے۔
جس سے سرطان کے علاج کے نئے راستے کھلنے کی اُمید پیدا ہو چلی ہے۔ابتدائی نوعیت کی اس تحقیق میں جس میں پھیپھڑوں اور لبلبہ کے سرطان میں مبتلا افراد نے حصہ لیا‘یہ بات سامنے آئی کہ اگر کیموتھراپی یا ریڈیو تھراپی کے ساتھ وٹامن C کو بشکل انجکشن جسم میں داخل کیا جائے تو مریض کی مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے اور سرطان کے علاج پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے۔

(جاری ہے)


ماہرین کے مطابق جسم میں وٹامن C کھانے کے مقابلے میں اس کا انجکشن لگانے سے خون کی سطح میں 100 سے 500 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔وٹامن C کی یہ مقدار سرطان کے خلیات سے لڑنے میں بھرپور مدد فراہم کرتی ہے۔وٹامن C ایک اینٹی آکسیڈنٹ مرکب ہے جو نارنگی‘چکوترے‘لیموں‘بند گوبھی‘شملہ مرچ‘اسٹرابیری اور رس بھری میں پایا جاتا ہے۔وٹامن C نہ صرف نزلہ زکام سے بچاتا ہے بلکہ امراضِ قلب سے محفوظ رکھتا ہے سوزش میں کمی لاتا ہے۔بلڈ پریشر کم کر کے فالج کا حملہ ٹالتا ہے۔دمے کی علامات کو کنٹرول کرنے کے علاوہ زخموں کو مندمل کرتا ہے۔دانتوں کو گوشت خورہ سے تحفظ اور علاج بھی فراہم کرتا ہے۔

Browse More Cancer