Depression - Article No. 2790

Depression

ڈپریشن - تحریر نمبر 2790

ایک اذیت ناک مرض

پیر 4 دسمبر 2023

رشید صدیقی
ڈپریشن اور انزائٹی مستقل طور پر ڈر اور پریشانی کے شکار لوگوں کو اپنے شکنجے میں باآسانی پھنسانے والی خطرناک بیماری ہے۔اس نفسیاتی بیماری کی تین اقسام ہیں جن میں پینک ڈس آرڈر،جینرلائزڈ انزائٹی ڈس آرڈر اور فوبیاز شامل ہیں۔کبھی کبھار بے تابی اور بے چینی کا شکار ہونا تو ہر انسان کی زندگی کا حصہ ہے لیکن اگر بے چینی کی یہ علامات چھ ماہ یا زیادہ عرصے تک موجود رہیں تو اسے انزائٹی ڈس آرڈر کہیں گے۔
روزمرہ کے تمام کام جیسا کہ اسکول،دفتر اور گھریلو زندگی پر اس چیز کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
جینرلائزڈ انزائٹی ڈس آرڈر میں انسان مستقل طور پر بلا تعطل اپنے زندگی کے مختلف معاملات مثلاً صحت،رشتہ داری اور بزنس وغیرہ کے بارے میں انتہائی فکرمند ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کام پر غور نہ کر پانا،پٹھوں کا کھچاؤ اور مسلسل پریشان رہنا اس بیماری کی چیدہ چیدہ علامات ہیں۔

پینک ڈس آرڈر سے مراد ایک دم ہنگامی طور پر شروع ہونے والا بے انتہا خوف ہے،جو جسم کو بہت جلد اپنی گرفت میں لے لیتا ہے اور اس کے نتیجے میں ہمارے جسم پر مندرجہ ذیل اثرات مرتب ہوتے ہیں:جسمانی کپکپاہٹ،پسینے سے شرابور جسم،تیزی سے بڑھتی ہوئی دل کی دھڑکن،اکھڑتا ہوا سانس جس سے آکسیجن کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے،اداسی کی شدید لہر۔یہ حالت ایک خاص قسم کی جسمانی و ذہنی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے جو کہ ہر انسان کے لئے مختلف ہو سکتی ہے۔
اس مرض میں مبتلا لوگوں کو ان چیزوں کا علم ہونا بے حد ضروری ہے۔
انزائٹی ڈس آرڈر کی تیسری بڑی قسم فوبیا ہے،جو کئی اقسام کے ہو سکتے ہیں۔مثلاً کسی کے دور چلے جانے کا ڈپریشن،کسی خاص چیز کا خوف اور معاشرتی فوبیا۔کسی کے دور چلے جانے یا علیحدگی کا خوف بچوں اور بڑوں دونوں کو متاثر کر سکتا ہے۔اس میں انسان یہ خیال کرنے لگتا ہے کہ ایک خاص انسان کے دور جانے سے اسے کوئی نقصان پہنچا دے گا۔
ایک مخصوص چیز کا ڈر۔اس میں انسان کسی خاص چیز مثلاً ڈرائیونگ،اونچائی،خون،جہاز کا سفر،انجیکشن،سانپ یا مکڑیوں سے بے انتہا خوف کھانے لگتا ہے۔اسی طرح سوشل فوبیا میں انسان زیادہ لوگوں کی موجودگی سے خوفزدہ ہو کر کچھ بھی کرنے سے گریز کرنے لگتا ہے۔اس عارضے کا علاج بیماری کی قسم کے لحاظ سے مختلف ہو سکتا ہے۔لیکن عموماً ان امراض کے علاج کے دو پہلو ہیں:سائیکو تھراپی،جس میں انسان سے گفت و شنید کے ذریعے اس کی سوچ کو تبدیل کیا جاتا ہے۔اور دوا کے ذریعے علاج،جس میں اینٹی ڈپریشن اور اینٹی انزائٹی ادویات شامل ہیں۔

Browse More Depression