Umar K Mutabiq Sehat Mand Zindagi Guzarain - Article No. 1630

Umar K Mutabiq Sehat Mand Zindagi Guzarain

عمر کے مطابق صحت مند زندگی گزاریں - تحریر نمبر 1630

یہ بات زبان زدخاص وعام کہ عمر میں کیا رکھاہے،دل جوان ہونا چاہئے یا پھر عمر محض ایک ہندسہ ہے۔کہنے اور سننے میں تو یہ باتیں بہت اچھی لگتی ہیں

جمعرات 25 جولائی 2019

فاروق احمد انصاری
یہ بات زبان زدخاص وعام کہ عمر میں کیا رکھاہے،دل جوان ہونا چاہئے یا پھر عمر محض ایک ہندسہ ہے۔کہنے اور سننے میں تو یہ باتیں بہت اچھی لگتی ہیں،لیکن حقیقت یہی ہے کہ ہر گزر تالمحہ آپ کی عمر گھٹا رہا ہے اور آپ کو پیرانہ سالی کی طرف لے جارہا ہے۔اکثر لوگوں کو جوانی گزارنے یہاں تک کہ ادھیڑ عمر ہونے کے بعد ہوش آتا ہے کہ اگر وہ اپنا طرز زندگی بہت پہلے ہی تبدیل کر لیتے تو حالات یکسر مختلف ہوتے۔

اگر آپ ایک صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس مضمون کے ذریعے اپنی عمر کے مطابق ابھی سے اپنے طرز زندگی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
جیسے ہی آ پ کی عمر 30سال کی حد عبور کر جائے تو آپ کو اپنے معمولات میں تبدیلی لاتے ہوئے اپنے لیے وقت نکالنا بہت ضروری ہوجاتا ہے ،مثلاً اگر آپ صبح یا شام کو چہل قدمی کرنا اپنا معمولی بنا لیتے ہیں اور کبھی ناغہ نہیں کرتے تو آپ 70سال کی عمر میں بھی اتنی ہی آسانی اور مزے چہل قدمی کررہے ہوں گے اور تھکن نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ آپ کم وزن سے ایکسر سائز کا آغاز کریں اور جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا تو آپ کے زائد وزن اٹھانے کی صلاحیت بھی بڑھتی چلی جائے گی۔خیر یہ تو ایک مثال تھی کہ کوئی بھی چیز مستقل مزاجی سے کی جائے تو وہ آپ کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہے اور آپ اسے غیر محسوس طریقے سے کرنا شروع ہو جاتے ہیں۔اگر اس وقت آپ کی عمر تیس سال سے اوپر ہے تو آپ کو درج ذیل مشوروں پر عمل کرنے کی بہت ضرورت ہے۔

اپنی جلد پر مہربان رہیں
جلد آپ کے جسم کا ایک اہم عضو ہے ،اگر اس کی دیکھ بھال اچھی طرح کی جائے تو یہ پورے جسم کی دیکھ بھال میں لگی رہتی ہے ،ساتھ ہی جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول اورحس کو زندہ رکھتی ہے ۔اس کے علاوہ آپ کو چاہئے کہ :
باہر نکلتے وقت سن اسکرین لگائیں
ہر سال اسکن کینسر اسکریننگ کروائیں
اینٹی ایجنگ اسکن کیئر روٹین اپنائیں
جلد کیلئے موزوں پروڈکٹس استعمال کریں
پانی زیادہ سے زیادہ پیاکریں
ایکسر سائز کو معمول بنائیں
ایکسر سائز کا معمول آپ کو بیماریوں سے دور رکھتا ہے،خاص طور پر دل کے امراض اور کینسر کے خلاف متحرک رکھتا ہے۔
ایکسر سائز سے ذہنی تناؤ میں کمی کے علاوہ نیند،جلد اور ہڈیوں کی صحت میں بہتری آتی اور موڈ بہتر رہتا ہے۔ماہرین صحت تجویز کرتے ہیں کہ ہفتے میں ڈھائی سے پانچ گھنٹے کی عام اور سواسے ڈھائی گھنٹے کی تیز ایکسر سائز یا دونوں کا امتزاج آپ کے عضلات کو مضبوط بناتا ہے۔یہ ایکسر سائز واکنگ،سوئمنگ،سائیکلنگ اور ویٹ لفٹنگ پر مشتمل ہوسکتی ہے۔
خوراک کا خیال رکھیں
اپنی عمر کے مطابق غذاؤں کا انتخاب آپ کی عمر میں اضافے کا باعث بنتا ہے ۔
ماہرین غذائیت کے مطابق آپ کو درج ذیل غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ بنانا چاہئے۔
پھل اور سبزیاں استعمال کریں۔
روکھا پروٹین،جیسے مچھلی اور پھلی کھائیں۔
روزانہ کم سے کم تین اونس بغیر چھنا دلیہ،بغیر چھنے آٹے کی روٹی ،چاول اور پاستالیں۔
کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات جیسے کہ دودھ،دہی اور پنیر وغیرہ جن میں وٹامن ڈی ہوتاہے۔

صحت بخش چکنائی کھائیں۔
پروسیس کی ہوئی غذاؤں ،ریفائنڈشوگر اور غیر صحت بخش چکنائی(مرغن غذاؤں)سے پرہیز کریں۔
نمک کا استعمال کم سے کم کریں تاکہ بلڈ پریشر کی سطح کم رہے۔
تمبا کونوشی سے پرہیز کریں۔
ذہنی دباؤ کم سے کم لیں
ذہنی دباؤ صرف آپ کی ذہنی ہی نہیں جسمانی صحت کو بھی متاثر کرتا ہے ۔اس طرح وقت سے پہلے آپ کے چہرے پر جھریاں پڑنے اور دل کی بیماریاں ہونے کے مواقع بڑھنے لگتے ہیں۔
اسی لیے ذہنی دباؤ کو دور یا کم کرنے کیلئے ریلیکس ہونے کی تکنیکس اپنائیں جیسے کہ مراقبہ،سانس کی مشقیں،یوگا،بھر پور نیند اور دوستوں سے بات چیت وغیرہ۔پنج وقتہ نماز کی عادت بھی ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں بہت مدد دیتی ہے۔
نئے مشغلے اپنائیں
ایک جیسے مشاغل سے انسان اُکتا بھی جاتا ہے ،نت نئی چیزیں کرنے سے نہ صرف زندگی کی رونق باقی رہتی ہے بلکہ ہمارے اندر نیا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے ۔
باغبانی ،شطر نج،ٹیوشن پڑھانا،نئی زبانیں سیکھنے وغیرہ جیسے مشاغل آپ کو ذہنی طور پر متحرک اور جینے کی امنگ کو تازہ رکھتے ہیں۔
میل جول بڑھائیں
دوست احباب سے ملنا جلنا زیادہ کردیں۔اپنی باتیں کریں ،ان کی باتیں سنیں۔دوسروں کے مسائل سن کر اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق انھیں مشورہ دیں۔اپنی پریشانی کا دوسرے سے ذکر کرکے اسے دور کرنے کے مشورے حاصل کریں۔دوسروں کی غلطیاں معاف کریں۔اپنے خیالات اپنے بچوں سے شیئر کریں اور ان سے ان کے روزانہ کے معمولات کے بارے میں بات کریں۔

Browse More Exercise