Arq E Gulab Husn O Sehat Ka Khazana - Article No. 1433

Arq E Gulab Husn O Sehat Ka Khazana

عرقِ گلاب حسن وصحت کا خزانہ - تحریر نمبر 1433

ماہرینِ کا موقف ہے کہ جِلد کی حفاظت کے لیے قدرتی اشیا کا استعمال جادوئی اثرات مرتّب کرتا ہے۔ ان اشیا کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ

ہفتہ 8 دسمبر 2018

محمد عثمان حمید
کہا جاتا ہے کہ چہرہ ہمارے جذبات واحساسات اور سوچ کی بہترین عکاسی کرتاہے،اس لیے چہرہ جتنا شفاف ہو گا،زندگی کے رنگ چہرے پر اتنے ہی خوب صورت دکھائی دیں گے۔چہرہ ہمارے جسم کا وہ حصہ ہے ،جو بیرونی عوامل سے براہِ راست متاثر ہوتا ہے ۔چہرے کی جِلد کی حسّاسیت کا یہ عالم ہے کہ یہ بیماری وتندرستی اور تکالیف کے اثرات سب سے پہلے قبول کرتی ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ جسم کی جِلد کے برعکس چہرے کی جِلد زیادہ حفاظت کی متقاضی سمجھی جاتی ہے ۔
ماہرینِ کا موقف ہے کہ جِلد کی حفاظت کے لیے قدرتی اشیا کا استعمال جادوئی اثرات مرتّب کرتا ہے۔ ان اشیا کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ ہر قسم کی جِلد کے لیے مفید ہوتی ہیں اور ان کے مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)


انھی قدرتی اجزا میں ایک نام عرقِ گلاب کا بھی ہے ۔

عرقِ گلاب جِلد کے لیے ایک گوہرِ نایاب سمجھا جاتا ہے ۔موجودہ ترقی یافتہ دور میں جِلدی امراض کے ماہر اسے نہ صرف جِلد کی خوب صورتی ،بلکہ جِلدی بیماریوں کے تدارک کے لیے بھی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ۔عرقِ گلاب جِلد کی قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور جِلد کی نچلی تہوں میں پانی کی مقدار قائم رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے ۔
عرقِ گلاب سے چہرہ دھویا جائے تو جِلد ملائم ،چمک دار اور خوب صورت رہتی ہے ۔تحقیق سے یہ حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ عرقِ گلاب جِلد سے پانی کے غیر معمولی اخراج کو روکتا ہے ۔عموماً موسم گرما میں جب پسینے کا زیادہ اخراج ہوتا ہے تو عرقِ گلاب پسینے کی زیادتی کو روکتا ہے ۔اگر نہانے کے پانی میں کچھ مقدار عرقِ گلاب کی شامل کرلی جائے تو جِلد معطر رہتی ہے ۔

جِلد کی شادابی کے لیے عرقِ گلاب سے بہتر شاید ہی کوئی قدرتی شے ہو۔جِلد کی بیماریوں کے خاتمے کے لیے گلاب کا عرق بہترین دوا ہے ۔چہرے کی جھائیاں ،خشکی اور داغ دھبے ختم کرنے کے لیے بیش قیمت کیمیائی مصنوعات استعمال کی جاتی ہیں ،مگر ماہرین جِلد اس حوالے سے عرقِ گلاب ہی کو ترجیح دیتے ہیں ۔اُن کا مشورہ ہے کہ چہرے کی جِلد کو جھرّیوں سے محفوظ رکھنے اور رنگت نکھارنے کے لیے عرقِ گلاب روزانہ استعمال کیا جائے تو مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔

گھریلو خواتین کے ہاتھ برتن وکپڑے دھونے سے عموماً کھر درے اور سخت ہوجاتے ہیں ۔ہاتھوں کی جِلد اترنے لگتی ہے اور زخم سے بن جاتے ہیں ۔اگر گلیسرین، لیموں اور عرقِ گلاب باہم ملا کر ہاتھوں پر مالش کی جائے تو ہاتھوں کی جِلد کی ملائمت اور نرمی لوٹ آتی ہے ۔عرقِ گلاب گردو غبار کو نکال پھینکتا اور جِلد کو خشک ہونے سے محفوظ رکھتا ہے ۔گلاب کا عرق نہ صرف جسمانی،بلکہ ذہنی مسائل کے حل میں بھی معاون ہے ۔
یہ عرق پینے سے کم زور دل اور دماغ کو تقویت ملتی ہے ،لیکن اس حوالے سے یہ ضروری ہے کہ عرقِ گلاب ملاوٹ سے قطعی پاک ہو۔
اعصابی دباؤ سے نجات حاصل کرنے کے لیے سکون آور ادویہ کھائی جاتی ہیں ۔اگر عرقِ گلاب میں چند قطرے زیتون اور شہد ملا کر پیا جائے تو یہ معجزاتی اثرات مرتّب کرتا ہے ،ذہنی تناؤ ختم ہو جاتا ہے اور اعصاب طمانیت محسوس کرتے ہیں ۔
پانی میں گلاب کا عرق شامل کرکے پینے سے بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت حاصل ہوتی اور جسم کی سستی دور ہوجاتی ہے ۔اس عرق کے بیش بہا فوائد کے پیش نظر معالجین اسے موٴ ثر اور مفید قدرتی دوا گردانتے ہیں ۔
آنکھوں کو جملہ امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے شفاف،ٹھنڈا اور خالص عرقِ گلاب ایک نعمت ہے ۔یہ آنکھوں کو صاف رکھتا ہے ۔آشوبِ چشم کی بیماری سے تحفظ فراہم کرتا ہے ۔
عرقِ گلاب پینے سے جسمانی امراض کی شدت میں کمی آجاتی ہے۔یہ معدے کے امراض میں روزانہ پیا جائے تو معدے کے افعال میں بہترین پیدا ہوجاتی ہے ۔یہ خون میں موجود زہریلے مادّوں کے خاتمے کے لیے بہت مفید ہے ۔خون صاف کرتا ہے ،جس سے جِلدی مسائل پیدا نہیں ہوتے۔
جدید تحقیق نے ثابت کردیا ہے کہ قدرتی اشیا میں موجود اجزا جادوئی اثرات کے حامل ہوتے ہیں اور عرقِ گلاب کے حیرت انگیز فوائد کی بدولت یہ قدرتی نعمت دنیا بھر میں مقبول ہے ۔

گرمی میں سر کے درد سے نجات کے لیے عرقِ گلاب کو ماتھے پر لگانے سے آرام آجاتا ہے ۔یہ عرق نکسیر کے مرض میں بھی مفید ہے ۔عرقِ گلاب پینے سے قبض دور ہوجاتا ہے ۔بچوں اور حاملہ عورتوں کو ہر مرض میں پلایا جا سکتا ہے ۔پیشاب کی نالی کے زخم میں اس کا پلانا مفید ہے ۔یہ مقویِ اعضاے رئیسہ اور مفرّح ہے ۔ناکاریِ قلب سے بچاتا ہے۔

Browse More Face And Skin