Loki - Gazai Fiber Or Paani Ka Majmoa - Article No. 1991

Loki - Gazai Fiber Or Paani Ka Majmoa

لوکی،غذائی فائبر اور پانی کا مجموعہ - تحریر نمبر 1991

موٹاپا دور کرنا ہو یا سر کی خشکی،یہ سبزی بہترین ہے

بدھ 28 اکتوبر 2020

یوں تو اب پاکستان میں کم و بیش ہر موسم میں لوکی فروخت ہوتی نظر آجاتی ہے لیکن اصل میں یہ گرمیوں ہی کی سبزی ہے یہ ہمارے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی قدرتی صلاحیت سے مالا مال ہے۔انسانی جسم قدرت کا ایسا شاہکار ہے کہ جسے ہر موسم ایک مناسب حد تک برداشت کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔جسم کا اندرونی درجہ حرارت تندرستی کی حالت میں یکساں رہتا ہے۔
گرمیوں میں ہم پسینے سے گھبراتے ہیں اصل میں یہ قدرتی نظام ہے کہ اس طرح جسم کی زائد حرارت خارج ہوتی ہے۔تیزابیت دور ہوتی ہے اور جسم کے درجہ حرارت کو مربوط نظام کے تحت دماغ قابو میں رہتا ہے۔
پسینہ بہنے کے بعد ہم جسم کو ٹھنڈا محسوس کرتے ہیں یہ علامت کوئی عارضہ نہیں ہے۔اگر پسینے کے ذریعے گرمی کا اخراج نہ ہو تو جسم تنور کی طرح دہک اٹھے اور جسمانی اعضاء اپنے افعال بخوبی انجام نہ دے سکیں۔

(جاری ہے)

یہ قدرت کا خودکار نظام ہے۔گرمیوں کے موسم میں عموماً خون بھی پتلا رہتا ہے۔خون کا زیادہ حصہ جلد کی سطح کے قریب گردش کرتا ہے۔جلد کے مسامات سے پسینہ خارج ہوتا ہے تو ہمیں ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔اکتوبر گرمی کا آخری مہینہ ہے۔اس مہینے میں ہمیں ایسی غذائی استعمال کرنی چاہئیں جو جسمانی نظام کو معتدل،متحرک اور فعال رکھیں اور گرمی کے اثرات کو زائل کرنے میں مدد کریں۔

لوکی ایسی ہی بے شمار فوائد رکھنے والی سبزی ہے جو طبی اور غذائی فوائد سے مالا مال ہے اور ہمارے رسول پاک حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ سبزی ہے۔اس طرح سے سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے ہمیں بطور خاص اس کو خوراک کا حصہ بنانا چاہئے ۔لوکی گول ہو یا بیضوی اور لمبی شکل کی اس کی باہر کی سطح سبز رنگ کے چھلکے اور اندر نرم،ملائم سطح ہوتی ہے۔
درمیانی حصے میں آدھ انچ لمبے اور چوتھائی انچ چوڑے بیج ہوتے ہیں۔اس سبزی میں معدنی نمکیات مثلاً کیلشیئم،پوٹاشیئم اور فولاد جیسے اجزاء ہوتے ہیں۔
لوکی بناتے وقت پانی کی مقدار کم رکھی جائے تو بہتر ہے کیونکہ اس سبزی کا بڑا حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔لاغر اور بیمار لوگوں کو لوکی کا شوربے والا سالن دیا جانا اس لئے درست ہے کہ ان کے جسم سے پانی خارج ہو چکا ہوتا ہے۔
دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لئے بھی لوکی کا رس، سوپ اور شوربہ مفید قرار دیا جاتا ہے۔ہر سبزی کی مانند لوکی میں بھی غذائی فائبرز موجود ہیں جو نظام ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔وزن کم کرنا مقصود ہو تو لوکی کا رس نکال کے پینا مفید ہے۔ذیابیطس کے مریضوں کو بار بار پیاس لگتی ہے لوکی پیاس بجھانے میں مدد کرتی ہے۔
یہ حسن کا مرقع بھی ہے
یہ ہماری جلد کو صاف شفاف رکھتی ہے۔
چکنی جلد کے لئے موثر ہے۔کیل مہاسوں والے نوجوانوں کو اسے کھانا چاہئے اور رس سے جلد کی صفائی کرنی چاہئے۔یہ سر کی خشکی بھی دور کرتی ہے۔ایسی جلد جس پر پپڑیاں جم جائیں لوکی کا رس لگانے سے افاقہ ہوتا ہے۔سر کی جلد کو خشکی ختم کرنے کے لئے ایک آزمودہ طریقہ بتایا جاتا ہے کہ لوکی اور آملے کا رس ہم وزن لے کر ملا لیا جائے اور اس محلول کو پورے سر کی جلد پر لگا کر نرم ہاتھوں سے مساج کیا جائے اور آدھے پون گھنٹے بعد سادے پانی سے سر دھو لیا جائے۔کیل مہاسے والی جلد کی حامل نوجوان بچیاں لوکی کا رس پئیں تو جلد سے خارج ہونے والے تیل کے توازن کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔اس طرح لوکی جلد کو صحت مند اور چمکدار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

Browse More Weight Loss