Chehre Ki Tazgi O Shadabi Ab Mushkil Nahi ! - Article No. 1672

Chehre Ki Tazgi O Shadabi Ab Mushkil Nahi !

چہرے کی تازگی وشادابی اب مشکل نہیں! - تحریر نمبر 1672

غذا کے ساتھ ساتھ روز مرہ کے معمولات اور ذہنی کیفیات کا آپ کے حُسن سے براہ راست تعلق ہے

جمعرات 12 ستمبر 2019

چہرے کی تازگی وشادابی بر قراررکھنے کے لیے محض میک اپ یا فیشل وغیرہ کافی نہیں۔خوب صورتی بر قراررکھنے کے لیے جسمانی صحت کا مکمل خیال رکھنا ضروری ہے۔غذا کے ساتھ ساتھ روز مرہ معمولات اور ذہنی کیفیات ،ان سب کا حسن و خوبصورتی سے براہ راست تعلق ہے ۔اس لیے جہاں خوب صورت نظر آنے کے لیے کئی جتن کیے جاتے ہیں ،ذرا روز مرہ کے معمولات کا بھی جائزہ لے لیا جائے۔

درج ذیل چند باتوں کا خیال رکھتے ہوئے نا صرف حسن کو بر قرار رکھا جا سکتا ہے بلکہ ان سے جسمانی صحت بر قراررکھنے میں بھی مدد حاصل ہو سکتی ہے۔
وٹامن سے بھر پور غذا
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ غذا میں وٹامنز کا متواتر استعمال کیا جائے۔وٹامنزکو روزانہ سپلیمنٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتاہے۔

(جاری ہے)

غذا میں وٹامن کا شامل ہونا ضروری ہے۔

مختلف وٹامنزجلد،ناخن اور بالوں کی خوب صورتی بر قراررکھنے میں مدد دیتے ہیں۔مثلاً وٹامن بی جلد اور بالوں کو صحت مند بنانے میں مدد گار ہے،وٹامن بی ٹو جلد کی چکنائی متوازن حد تک رکھنے کے ساتھ ناخن کو مضبوط بناتا ہے،وٹامن سی جلد میں آکسیجن کی مقدار بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔وٹامن ڈی،ای ایف بھی جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں۔تازہ پھل اور سبزیوں ،گوشت،دالوں اور مختلف غذائی اجزاء میں پائے جانے والے وٹامنز نا صرف صحت مند بناتے ہیں بلکہ ساتھ ہی جلد کی تروتازگی ،بالوں اور ناخنوں کی مضبوطی،خوب صورتی میں بھی اضافے کا ذریعے بنتے ہیں۔

غذا میں تازہ سبزیوں اور موسمی پھلوں کا استعمال بڑھائیں
پھل اور سبزیوں کے اندر فائٹو کیمیکل ہوتے ہیں،جو سپلیمنٹ سے حاصل نہیں ہوتے ۔یہ فائٹو کیمیکل جسم میں کولیسٹرول کی مقدار کو گھٹانے میں مدد دیتے ہیں اور فاضل مادوں کا اخراج کرتے ہیں ۔یہ قوت مدافعت بڑھانے کے علاوہ عمر کے اثرات کم کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں،جس سے جسم توانا اور جوان محسوس ہوتاہے۔

روزانہ کم سے کم آٹھ گلاس پانی پینا چاہیے
جلد اور جسم کو صحت مند رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پانی کا زیادہ استعمال رکھا جائے۔پانی جسم سے فاضل مادوں کے اخراج اور جلد کو چمک دار بنانے میں مدد دیتا ہے لیکن کافی ،سوڈا،کیفین اور چائے کا بے دریغ استعمال جسم اور جلد کے اندر پانی کی کمی پیدا کر دیتاہے۔
غیر سیر شدہ چکنائی کا استعمال
چکنائی جسم اور جلد کے لیے ضروری ہے لیکن یہ جن اجزاء سے حاصل کی جائے ان میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ نہ ہو یعنی حیوانی چکنائی یا سیر شدہ چکنائی کا بے دریغ استعمال نہ کیا جائے۔
اس کے بجائے غیر سیر شدہ چکنائی جو کہ نباتات سے حاصل ہوتی ہے جیسے زیتون کا تیل ،کارن آئل،سورج مکھی کا آئل یا بنولے کا تیل روزانہ استعمال کریں۔ان ذرائع سے حاصل ہونے والی چکنائی بالوں کو نرم اور جلد کو چمک دار بناتی ہے ،ان میں کولیسٹرول کی مقدار کم ہوتی ہے،اس لیے وزن بڑھے بغیر جسم کی چکنائی کی ضرورت بھی پوری ہو جاتی ہیں۔
ورزش
روزانہ کی ہلکی پھلکی ورزش یا چہل قدمی دوران خون کو بڑھاتی ہے اور خون میں آکسیجن شامل ہونے میں مدد دیتی ہے ،جس سے جسم صحت مند اور چاق چوبند رہتا ہے۔
کم سے کم ہفتے میں تین دن بیس منٹ کی جانے والی ورزش صحت مند بنانے میں مفید ہے۔
دھوپ سے بچاؤ کا اہتمام کریں
سورج سے نکلنے والی الٹراوائلٹ شعاعیں جلد اور بالوں کے لیے نقصان د ہ ہیں۔جلدکو چھائیوں،جھریوں اور تلوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دھوپ میں نکلنے سے پہلے کسی اچھی سن پر وٹیکشن کریم یا معیاری سن بلاک کا استعمال کیا جائے۔
سر کے بالوں کو اسکارف سے ڈھکا جائے اور آنکھوں پر دھوپ کا چشمہ لگایا جائے تاکہ بال اور آنکھیں دھوپ کے اثرات سے محفوظ رہیں۔گرمی کے دنوں میں خاص طور پر صبح دس بجے سے دو پہر تین بجے تک کی دھوپ میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
نیند پوری کریں
رات کی بھر پور نیند خوب صورتی نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
نیند کی کمی جلد کو کم ہلادیتی ہے ۔اس کی وجہ سے جلد بے رونق اور بد نما نظر آتی ہے اور آنکھوں کے گرد حلقے پڑجاتے ہیں ،پپوٹوں پر سوجن آجاتی ہے جس سے چہرہ کی تازگی متاثر ہوتی ہے۔کم خوابی کی وجہ سے آنکھوں میں سرخی بھی آجاتی ہے اور بعض مرتبہ تو دیکھنے والوں کو آشوب چشم کا گمان ہوتا ہے ۔اس لیے دن رات میں آرام کا وقت ضرور نکالیں۔
مسکرائیں اور زندگی کالطف اٹھائیں
پریشانیوں کو ذہن سے جھٹک دیں۔ماضی کے ناخوش گوار لمحوں اور ناکامیوں کو نظر انداز کرکے پر سکون رہ کر مستقبل کے بارے میں مثبت منصوبہ بندی کی جائے۔دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزارا جائے۔

Browse More Face And Skin